ایران-اسرائیل جنگ کا اثر ’فارمولا-1‘ پر بھی، بحرین اور سعودی عرب میں ہونے والی ریسیں منسوخ
ایران-اسرائیل جنگ کے درمیان فارمولا-1 نے بحرین اور سعودی عرب کی ’گراں پری ریس‘ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بحرین گراں پری 12 اپریل کو اور سعودی عرب (جدہ) گراں پری 19 اپریل کو ہونی تھی۔
ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ جنگ کا اثر اب صرف ان ممالک تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ پورا مشرق وسطیٰ اس کی زد میں آ چکا ہے۔ اس جنگ کے اثرات اب کھیلوں پر بھی نظر آنے لگے ہیں۔ حال ہی میں ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران کئی ٹیموں کو گھر لوٹتے وقت شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب اسی سلسلے میں فارمولا-1 نے بھی 2026 کے سیزن میں ایک بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
ایران-اسرائیل جنگ کے درمیان فارمولا-1 نے بحرین اور سعودی عرب کی ’گراں پری ریس‘ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ریسیں بنیادی طور پر اپریل میں طے تھیں، بحرین گراں پری 12 اپریل کو اور سعودی عرب (جدہ) گراں پری 19 اپریل کو ہونی تھی۔ یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ایران کی جوابی کارروائی میں کئی خلیجی ممالک متاثر ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے خطے میں سیکورٹی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ فارمولا-1 اور ایف آئی اے نے کھلاڑیوں، عملے اور مداحوں کی سلامتی کو ترجیح دیتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔
ایف-1 کے صدر اور سی ای او اسٹیفانو ڈومینیکالی نے کہا کہ یہ فیصلہ مشکل تھا، لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہی درست قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’علاقائی صورتحال کے پیش نظر تمام متبادلات پر غور کیا گیا، لیکن آخر میں یہ طے پایا کہ اپریل میں ان ریسوں کی جگہ کوئی دوسری ریس بھی منعقد نہیں کرائی جائے گی۔‘‘ ایف آئی اے کے صدر محمد بن سلیم نے بھی سیکورٹی اور سب کی سلامتی کو اولین ترجیح دینے کی بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ بحرین اور سعودی عرب سیزن کے اہم حصے ہیں اور جب حالات معمول پر آئیں گے تو ان ریسوں کی واپسی کی امید ہے۔ دونوں ممالک کے پروموٹرس نے بھی اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نئی تاریخوں کا ابھی کوئی اعلان نہیں ہوا ہے اور اپریل میں کوئی متبادل ریس نہیں رکھی جائے گی۔ چونکہ فارمولا-1 کا سال بھر کا شیڈول پہلے سے ہی کافی مصروف رہتا ہے، اس لیے رواں سال ان ریسوں کے لیے نئی تاریخیں طے کرنا آسان نہیں مانا جا رہا ہے۔ اس تبدیلی سے سیزن میں 5 ہفتوں کا بڑا وقفہ آ جائے گا، جاپان گراں پری (29 مارچ) کے بعد اگلی ریس میامی گراں پری (3 مئی) کو ہوگی۔ اگر ان ریسوں کو دوبارہ شیڈول نہ کیا گیا تو 2026 کا سیزن 24 کے بجائے 22 ریسوں پر مشتمل ہوگا، جو 2023 کے بعد سب سے مختصر کیلنڈر ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔