آئی پی ایل کا سب سے کامیاب رشتہ 18 برسوں بعد ختم، ’سی ایس کے‘ سے علیحدہ ہوئے اسٹیفن فلیمنگ
سی ایس کے کی مالک روپا گروناتھ نے کہا کہ ’’اسٹیفن فلیمنگ فرنچائزی کے مکمل سفر کے دوران ہماری کوچنگ یونٹ کی دھڑکن رہے ہیں۔ تقریباً 2 دہائیوں تک انہوں نے ہماری شناخت اور سوچ کی نشو و نما کی۔‘‘

چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے باہمی طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’انڈین پریمیئر لیگ‘ (آئی پی ایل) تاریخ کی سب سے کامیاب اور طویل عرصے تک چلنے والی شراکت داری ختم ہو گئی ہے۔ یہ فیصلہ اسٹیفن فلیمنگ اور سی ایس کے انتظامیہ کے درمیان ایماندارانہ بات چیت کے بعد لیا گیا ہے۔ اسٹیفن فلیمنگ نے 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں ایک کھلاڑی کے طور پر چنئی سپر کنگز میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے بعد انہوں نے 2009 میں ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالا۔ اگلے 17 برسوں میں فلیمنگ کی قیادت میں سی ایس کے فرنچائز کرکٹ کی سب سے قابل احترام اور سب سے متوازن کارکردگی پیش کرنے والی ٹیموں میں شامل ہو گئی ہے۔
فلیمنگ کے کوچ رہتے ہوئے چنئی سپر کنگس نے 5 آئی پی ایل خطاب اور 2 چیمپئنس لیگ ٹی 20 ٹرافیاں جیتی ہیں۔ ان کی کوچنگ میں ٹیم نے ریکارڈ 12 بار پلے آف میں جگہ بنائی اور 10 آئی پی ایل فائنل کھیلے ہیں۔ چنئی سپر کنگس کی مالک روپا گروناتھ نے کہا کہ ’’اسٹیفن فلیمنگ فرنچائزی کے تقریباً مکمل سفر کے دوران ہماری کوچنگ یونٹ کی دھڑکن رہے ہیں۔ تقریباً 2 دہائیوں تک انہوں نے ہماری شناخت اور سوچ کی نشو و نما کی۔‘‘ انہوں نے آگے کہا کہ ’’چنئی سپر کنگس فیملی کی جانب سے ہم ان کے تعاون، جنون اور قیادت کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ میدان میں بھلے ہی ہماری شراکت داری ختم ہو رہی ہو، لیکن وہ ہمیشہ ہماری ٹیم کا اہم حصہ رہیں گے۔‘‘
چنئی سپر کنگس کے منیجنگ ڈائریکٹر کے ایس وشوناتھن نے کہا کہ ’’ابتدائی دنوں سے ہی فلیمنگ نے صرف کھیلنے کے طریقہ کار ہی نہیں بلکہ فرنچائزی کی شناخت بھی طے کی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’فلیمنگ کا اثر میدان سے کہیں آگے تک رہا ہے اور ان کے ساتھ یہ شاندار سفر کا اشتراک کرنا فرنچائز کے لیے فخر کی بات ہے۔ اسٹیفن فلیمنگ نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’’کھیل کی دنیا میں 18 برس پوری زندگی ہوتا ہے۔ میں یہاں سے صرف تشکر کے احساسات کے ساتھ جا رہا ہوں۔ چنئی سپر کنگس کے ساتھ بتایا گیا وقت میرے کوچنگ کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے ساتھ ملک کر یادگار جیت کا جشن منایا، مشکل دور کو بھی قبول کیا اور ایسی یادیں قائم کی جو ہمیشہ یاد رہیں گی۔ سی ایس کے ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں آنے والے برسوں میں بھی اس ٹیم کی حمایت کرتا رہوں گا۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
