ہندوستان نے 16 سال بعد خواتین کی ہاکی میں کامن ویلتھ میڈل جیتا

ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں نیوزی لینڈ کو شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر 16 سال بعد کامن ویلتھ گیمز کا تمغہ جیت لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

برمنگھم: ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں نیوزی لینڈ کو شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر 16 سال بعد کامن ویلتھ گیمز کا تمغہ جیت لیا۔ ہندوستان نے کانسے کے تمغے کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 1-1 (شوٹ آؤٹ میں 2-1) سے شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان کی طرف سے واحد گول سلیمہ ٹیٹے (29) نے کیا، جبکہ کیویز کے لیے اولیویا (59') نے گول کیا۔ شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی جانب سے سونیکا اور نونیت نے گول کئے۔

میچ کے پہلے کوارٹر میں بھارت نیوزی لینڈ پر حاوی رہا لیکن کیوی گول کیپر نے بھارت کو کھاتہ نہیں کھولنے دیا۔ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے جارحانہ انداز برقرار رکھا اور ہاف ٹائم میں دو منٹ باقی تھےکہ سلیمہ ٹیٹے نے گیند کو جال میں لے کر ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلادی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں نیوزی لینڈ میچ برابر کرنے کے لیے بے تاب تھی۔ نیوزی لینڈ نے ایک گول اس وقت کیا جب کوارٹر-3 کے اختتام میں صرف دو منٹ باقی تھے، لیکن بھارت کے ویڈیو ریفرل کے بعد اسے غلط قرار دے دیا گیا۔


ہندوستان میچ کے 58 ویں منٹ میں 1-0 کی برتری پر تھا اور کانسے کے تمغے سے ایک بازو کی دوری پر تھا جب لالریمسیامی کو پیلا کارڈ ملا جس کے بعد میدان میں صرف 10 ہندوستانی رہ گئے۔ مزید کھلاڑیوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندوستانی ہاف میں جگہ بنالی۔ یہاں کیویز کو پہلے پینلٹی کارنر اور پھر پنالٹی اسٹروک ملا، جس کا استعمال کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔

بھارت کو سیمی فائنل میچ کے شوٹ آؤٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 3-0 سے شکست ہوئی اور یہ میچ بھی شوٹ آؤٹ میں چلا گیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلی کوشش میں گول کیا جبکہ ہندوستان ناکام رہا جس سے ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔ یہاں ہندوستان کی قیادت کرتے ہوئے، کپتان سویتا پونیا نے نیوزی لینڈ کی اگلی چار کوششوں کو روک دیا، جبکہ سونیکا اور نونیت نے ایک ایک گول کرکے ہندوستان کو 2-1 سے جیت دلائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */