کامن ویلتھ گیمز: ہرش سنگھ اور اسمتا ڈے نے ہندوستان کو جوڈو میں دلائے تاریخی دو طلائی تمغے، باکسنگ میں بھی شاندار پیشرفت
کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان نے جوڈو میں اس وقت تاریخ رقم کر دی جب ہرش سنگھ اور اسمتا ڈے نے گولڈ میڈل اپنے نام کیے، جبکہ باکسنگ میں جادومنی سنگھ، اروندھتی چودھری اور جیسمن لمبوریا فائنل میں پہنچ گئے

گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 کے آٹھویں دن ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوڈو اور باکسنگ میں کئی تاریخی کامیابیاں اپنے نام کیں۔ سب سے بڑی کامیابی جوڈو میں ملی، جہاں ہرش سنگھ اور اسمتا ڈے نے طلائی تمغے جیت کر ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کیا۔
مردوں کے 60 کلوگرام زمرے کے فائنل میں ہرش سنگھ نے آسٹریلیا کے اولمپین جوشوا کاٹز کو شکست ڈے کر کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد جوڈوکا بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کی اس تاریخی فتح کے ساتھ ہی ہندوستان کو کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں جوڈو کا دوسرا طلائی تمغہ ملا، کیونکہ اس سے کچھ دیر قبل اسمتا ڈے بھی گولڈ میڈل جیت چکی تھیں۔
خواتین کے 48 کلوگرام زمرے کے فائنل میں اسمتا ڈے نے کینیڈا کی ہائیڈی کواچ کو یوکو (2-1) کی بنیاد پر شکست ڈے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ کامن ویلتھ گیمز میں جوڈو کا طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئیں۔ ان کی یہ فتح ہندوستانی جوڈو کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب باکسنگ میں بھی ہندوستانی مکہ بازوں نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ مردوں کے 50 کلوگرام وزن کے سیمی فائنل میں جادومنی سنگھ نے نمیبیا کے فلپ ہاؤسیب کو 5-0 سے شکست ڈے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے کم از کم چاندی کا تمغہ یقینی بنا لیا۔ جمعہ کو سیمی فائنل مقابلوں میں ہندوستانی باکسرز نے پانچ میں پانچ فتوحات حاصل کرتے ہوئے اپنی ناقابل شکست مہم جاری رکھی۔
خواتین کے 70 کلوگرام زمرے میں اروندھتی چودھری نے ویلز کی روزی ایکلس کو 4-0 سے شکست ڈے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ان کی اس کامیابی سے بھی ہندوستان کے لیے کم از کم چاندی کا تمغہ یقینی ہوگیا اور خواتین باکسنگ میں ہندوستان کی مضبوط موجودگی مزید نمایاں ہوگئی۔
اولمپین جیسمن لمبوریا نے خواتین کے 57 کلوگرام سیمی فائنل میں لیسوتھو کی راپیلانگ ماسیلیلا کو دوسرے راؤنڈ میں ریفری اسٹاپڈ کانٹیسٹ (آر ایس سی) کے ذریعے شکست ڈے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ وہ اس روز سیمی فائنل جیتنے والی تیسری ہندوستانی باکسر بنیں اور ان کی فتح کے ساتھ ہندوستان کے لیے کم از کم تین چاندی کے تمغے یقینی ہوگئے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
