’اب ایشین گیمس پر توجہ مرکوز کروں گی‘، کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ جیتنے کے بعد میرابائی چانو کا پہلا ردعمل
’کامن ویلتھ گیمس 2026‘ میں خواتین کی 48 کلو گرام زمرے میں میرا بائی چانو نے شاندار مظاہرہ کیا۔ ان کی زبردست کارکردگی کی وجہ سے ہندوستان کو گولڈ میڈل حاصل ہوا۔

ہندوستان کی اسٹار ویٹ لفٹر اور اولمپک میڈلسٹ میرابائی چانو نے ایک بار پھر اپنی کارکردگی سے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے ’کامن ویلتھ گیمس 2026‘ میں خواتین کی 48 کلو گرام زمرے میں شاندار مظاہرہ کیا۔ ان کی زبردست کارکردگی کی وجہ سے ہندوستان کو گولڈ میڈل حاصل ہوا ہے، جس کے بعد میرابائی چانو اپنے اہل خانہ اور کوچ کے ذریعہ ملی حمایت کے تعلق سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔ کامن ویلتھ گیمس 2026 میں خواتین کی 48 کلو گرام ویٹ لفٹنگ زمرے میں گولڈ میڈل جیتنے پر میرابائی چانو نے کہا کہ ’’میں بہت زیادہ خوش ہوں کہ میں ہندوستان کے لیے تیسرا گولڈ میڈل جیت پائی۔ میرے دماغ میں بہت چیزیں چل رہی تھیں۔ یہ میرا تیسرا گولڈ میڈل ہے اور کامن ویلتھ گیمس میں میرا چوتھا میڈل ہے۔ اس سے زیادہ خوشی کی بات کیا ہو سکتی ہے۔ میں بہت ہی زیادہ خوش ہوں۔‘‘
ہندوستانی خاتون ویٹ لفٹر میرابائئی چانو نے کہا کہ ’’میں ایشین گیمس میں 49 کلو گرام کے زمرے میں کھیلنے جا رہی ہوں۔ میں ویٹ لفٹنگ کے لیے جو بھی کر سکتی ہوں، وہ کروں گی۔ مجھے ایشین گیمس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ میری پوری کوشش رہے گی کہ میں ایشین گیمس میں بھی ہندوستان کے نام ایک میڈل کروں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’میں بہت خوش ہوں اور جذباتی بھی ہوں۔ کامن ویلتھ گیمس تک پہنچنے اور میڈل جیتنے کے لیے میں نے بہت قربانیاں دی ہیں اور ذہنی تناؤ اور چوٹوں کا سامنا کیا ہے۔ مجھے نہیں پتہ تھا کہ میں کامن ویلتھ ریکارڈ بناؤں گی۔ میری پوری توجہ بس اپنے کوچ کے ذریعہ بتائے گئے لفٹ کو پورا کرنے پر تھی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ویٹ لفٹر راجہ متھوپانڈی نے بھی اتوار کے روز کامن ویلتھ گیمس کے مردوں کے 65 کلو گرام زمرے میں بہترین کارکردگی پیش کی۔ انھوں نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ویٹ لفٹنگ کے تینوں مقابلوں میں کم از کم ایک تمغہ اپنے نام کیا۔ متھوپانڈی نے اسنیچ میں 126 کلو گرام اور کلین اینڈ جرک میں 160 کلو گرام وزن اٹھایا، جس سے ان کا کل وزن 286 کلو گرام رہا۔ ملیشیا کے محمد اجنیل بن بدین نے کامن ویلتھ گیمس کے ریکارڈ کے ساتھ کل 299 کلو گرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل جیتا۔ جب کہ پاپوا نیو گنی کے موریا بارو نے 282 کلو گرام کے کل وزن کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
