یو ایس اوپن میں جوکووچ کا 25 واں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب رہا ادھورا، پہلے راؤنڈ میں شکست، کورٹ پر روئے زار و قطار

’آرتھر ایش اسٹیڈیم‘ میں مقابلے کے آغاز سے ہی جوکووچ جسمانی پریشانیوں سے دوچار تھے۔ ’کلوزڈ روف‘ ہونے سے پہلے وہ بار بار سر پر برف کا بیگ رکھتے نظر آئے۔

<div class="paragraphs"><p>نوواک جوکووچ، ویڈیو گریب</p></div>
i

نوواک جوکووچ کے لیے ’یو ایس اوپن‘ کا آغاز انتہائی دردناک رہا۔ ریکارڈ 25 واں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کے ارادے سے اترے سربیائی کھلاڑی کو پہلے ہی راؤنڈ میں ارجنٹینا کے میریانو ناوونے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تقریباً 4 گھنٹے تک چلے مقابلے میں 25 سالہ ناوونے نے 39 سالہ جوکووچ کو 7-6، 5-7، 6-4، 2-6، 6-1 سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کر دیا۔ یہ ناوونے کے کیریئر کی سب سے بڑی جیت رہی۔ اس جیت کے ساتھ انہوں نے ریکارڈ بک میں بھی اپنا نام درج کرا لیا۔ وہ 2006 کے بعد کسی گرینڈ سلیم کے پہلے راؤنڈ میں جوکووچ کو شکست دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

’آرتھر ایش اسٹیڈیم‘ میں مقابلے کے آغاز سے ہی جوکووچ جسمانی پریشانیوں سے دوچار تھے۔ ’کلوزڈ روف‘ ہونے سے پہلے وہ بار بار سر پر برف کا بیگ رکھتے نظر آئے۔ نیویارک کے حبس بھرے موسم میں وہ پریشان نظر آئے اور ’کلوزڈ روف‘ ہونے کے بعد سپروائزر سے اے سی چلانے سے متعلق بھی پوچھا۔ تیسرے سیٹ میں ان کی پریشانی مزید بڑھ گئی۔ چھٹے گیم کے دوران جوکووچ نے کئی بار قے کی۔ وہ کورٹ کے پچھلے حصے میں جھک گئے، لیکن اس کے باوجود مقابلہ جاری رکھا۔ ٹورنامنٹ کے فزیو نے انہیں دوائی دی، جبکہ ان کی ٹیم کورٹ سائیڈ سے انہیں لکوئڈ دیتی رہی۔ انہوں نے مشکل حالات میں بھی ہمت نہیں ہاری اور مقابلہ کرتے رہے۔


جوکووچ نے خراب شروعات کے بعد مقابلے میں واپسی کی۔ وہ پہلے سیٹ کا ٹائی بریکر ہار گئے تھے، لیکن دوسرے سیٹ میں 7-5 سے جیت درج کر کے، انہوں نے میچ برابر کرنے کی سمت میں قدم بڑھایا۔ اس کے بعد انہوں نے تیسرا سیٹ 6-4 سے اپنے نام کر لیا۔ جسمانی پریشانیوں کے باوجود جوکووچ نے خود کو مقابلے میں برقرار رکھا اور ایک وقت وہ جیت سے صرف ایک سیٹ دور تھے، لیکن ناوونے نے ہار نہیں مانی۔ ناوونے نے چوتھے سیٹ میں زوردار واپسی کرتے ہوئے اسے 6-2 سے جیت لیا اور مقابلے کو فیصلہ کن سیٹ تک پہنچا دیا۔ 5 ویں سیٹ میں جوکووچ پوری طرح تھکے ہوئے نظر آئے۔ ناوونے نے 4-1 کی برتری حاصل کی تو سربیائی کھلاڑی کی توانائی ختم ہوتی ہوئی محسوس ہوئی۔ اسی دوران جوکووچ کورٹ پر رو پڑے۔ 24 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن کے لیے یہ انتہائی جذباتی لمحہ تھا۔ ان کی اہلیہ جیلینا بھی شائقین کی گیلری میں پریشان نظر آئیں۔

جوکووچ نیویارک میں اپنے 25 ویں گرینڈ سلیم سنگلز خطاب کے لیے اترے تھے۔ یہ جیت انہیں مردوں کے سنگلز میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم خطاب جیتنے والا کھلاڑی بنا سکتی تھی۔ اس کے علاوہ وہ یو ایس اوپن میں جمی کونرز کی 98 میچ جیتنے کی کامیابی کو پیچھے چھوڑنے سے بھی صرف 4 جیت دور تھے، لیکن پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کے ساتھ ان کی یو ایس اوپن مہم ختم ہو گئی۔ جوکووچ نارتھ امریکن ہارڈ کورٹ سیزن میں صرف ایک میچ کھیل کر اس ٹورنامنٹ میں داخل ہوئے تھے۔ سنسناٹی میں بھی انہیں گرمی اور حبس کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ تھیاگو آگسٹن تیرانتے سے ہار گئے تھے۔ اب جوکووچ کو 25 ویں گرینڈ سلیم خطاب کے اپنے انتظار کو کسی اور ٹورنامنٹ تک بڑھانا ہوگا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔