کامن ویلتھ گیمز 2026: نیرج چوپڑا کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے یش ویر اور روہت بھی ’جویلین تھرو‘ کے فائنل میں پہنچے
نیرج چوپڑا (79.61 میٹر) کے ساتھ ساتھ روہت یادو (78.37 میٹر) اور یش ویر سنگھ (78.36 میٹر) نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب نواں اور دسواں مقام حاصل کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

نیرج چوپڑا کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے روہت یادو اور یش ویر سنگھ نے بھی کامن ویلتھ گیمز 2026 میں مینز جویلین تھرو کے فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سابق اولمپک چمپئن نیرج چوپڑا نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں اپنی مہم کی شروعات پہلے دور میں 76.28 میٹر کے تھرو کے ساتھ کی۔ نیرج نے دوسری کوشش میں 79.61 میٹر دور جویلین پھینکا۔ چوپڑا نے اپنے 79.61 میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ پانچویں مقام پر رہتے ہوئے آسانی سے فائنل میں جگہ بنا لی۔ نیرج چوپڑا کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے روہت یادو (78.37 میٹر) اور یش ویر سنگھ (78.36 میٹر) نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب نواں اور دسواں مقام حاصل کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
دوسری جانب پاکستان کے ارشد ندیم اپنی ابتدائی کوشش کے بعد کارکردگی میں بہتری نہیں لا سکے اور 78.63 میٹر کے تھرو کے ساتھ ساتویں مقام پر رہتے ہوئے آگے بڑھے۔ کوالیفائنگ دور میں سری لنکا کے رومیش پاتھیراگو 82.84 میٹر کے تھرو کے ساتھ ٹاپ پر رہے، جبکہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرس (81.29 میٹر)، جنوبی افریقہ کے ڈوو اسمٹ (80.64 میٹر) اور انگلینڈ کے بین ایسٹ (80.38 میٹر) نے بالترتیب دوسرا، تیسرا اور چوتھا مقام حاصل کیا۔ ان کے علاوہ آسٹریلیا کے کیمرون میک اینٹائر (78.91 میٹر، چھٹا)، بہاماس کے کیشون اسٹریچن (78.60 میٹر، آٹھواں)، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے کیشورن والکاٹ (78.26 میٹر، گیارہواں) اور نائجریا کے چنیچیرم نامدی (75.27 میٹر) بھی بارہویں کھلاڑی کی فہرست میں جگہ بنا کر فائنل میں داخل ہونے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ نیرج چوپڑا لمبے وقفے کے بعد کامن ویلتھ گیمز میں واپسی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ آخری بار 2018 کے گولڈ کوسٹ کامن ویلتھ گیمز میں اترے تھی، جہاں انہوں نے 86.47 میٹر کے شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ حالانکہ چوٹ کی وجہ سے وہ برمنگھم کھیلوں میں حصہ نہیں لے پائے تھے۔ اس بار گلاسگو کامن ویلتھ گیمز کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آٹومیٹک کوالیفکیشن مارک 84 میٹر طے کیا گیا تھا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہر کھلاری کو 3 مواقع ملے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
