آن لائن شطرنج مقابلے سے کووڈ-19 کے لئے 15 لاکھ روپے کا فنڈ جمع

آن لائن شطرنج ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا کوئی بھی شہری 50 روپے کی فیس کے ساتھ حصہ لے سکتا تھا۔ ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم 10 لاکھ روپے تھی۔ اس ٹورنامنٹ کے لئے کل 19245 کھلاڑیوں نے اپنا رجسٹریشن کرایا تھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بنگلورو: کرناٹک حکومت نے کورونا سے جنگ میں راحت کے کاموں کے لئے فنڈز اکٹھا کرنے کے مقصد سے یونائیٹڈ کرناٹک شطرنج یونین (اےآئی سی ایف) کے ساتھ مل کر موبائل پریمیئر لیگ (ایم پي ایل) کے ذریعے آن لائن شطرنج ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا اور اس ٹورنامنٹ سے 15 لاکھ روپے جمع کیے گئے۔

چیك میٹ كووڈ چیس ٹورنامنٹ دو اور تین مئی کو ایم پی ایل ایپ کے ذریعے منعقد کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ سے جمع کی گئی رقم کو وزیر اعلی راحت فنڈ میں عطیہ کر دیا جائے گا۔ اس آن لائن شطرنج ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا کوئی بھی شہری 50 روپے کی فیس کے ساتھ حصہ لے سکتا تھا۔ ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم 10 لاکھ روپے تھی۔ اس ٹورنامنٹ کے لئے کل 19245 کھلاڑیوں نے اپنا رجسٹریشن کرایا تھا۔

چیس گرینڈ ماسٹر انکت راجپارا نے ٹائٹل جیت لیا اور انہیں ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔ گرینڈ ماسٹر بھکتی کلکرنی نے خواتین کی کلاس میں اور شکنتلا دیوی نے 60 سال سے زیادہ کی عمر میں خطاب جیتا۔ دونوں کو 25-25 ہزار روپے دیئے گئے۔

ٹورنامنٹ میں ایم پي ایل ایپ میں کل دو لاکھ 37 ہزار میچ کھیلے گئے۔ 10 ہزار کی رینکنگ تک سب کو کل انعامی رقم سے نقد انعام دیئے گئے۔ ٹورنامنٹ میں ہر بازی اسپیڈ چیس فارمیٹ میں کھیلی گئی اور ہر کھلاڑی کو تین تین منٹ ملے۔ فاتح کا فیصلہ دو دن میں جیتی گئی زیادہ سے زیادہ بازی کی بنیاد پر کیا گیا۔

کرناٹک کے وزیر کھیل سی ٹی روی نے کہا کہ میں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کا شکریہ اور فاتحین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس مشکل دور میں ہم سب کو مضبوط ہوکر متحد رہنا ہے۔ کورونا کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی زندگی دشوار ہو گئی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس سے ملنے والی رقم وزیر اعلی راحت فنڈ میں دی جائے گی۔

یونائیٹڈ کرناٹک شطرنج یونین کے سکریٹری آر ہنومنت نے کہا کہ ہم حکومت اور ایم پي ایل کی جانب سے منعقد کیے گئے اس ٹورنامنٹ کی تعریف کرتے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے اس آن لائن ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ ایم پی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سائیں سرینواس کرن نے کہا کہ ہم کرناٹک حکومت کی اس پہل سے جڑ کر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ یہ وقت ہے جب پورے ملک کو ایک ہوکر اس وبا سے لڑنے کی ضرورت ہے۔ اس ٹورنامنٹ سے جمع ہوئی رقم وزیر اعلی راحت فنڈ میں جائے گی۔