بیڈمنٹن: ہندوستان نے رقم کی تاریخ، پہلی بار تھامس کپ جیتا

ہندوستان نے جمعہ کو تاریخ رقم کی جب اس نے ڈنمارک کو 3-2 سے شکست دے کر پہلی بار تھامس کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندوستانی ٹیم اس سے قبل 1952، 1955 اور 1979 میں سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بنکاک: ہندوستان نے خطابی مقابلے میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کو انڈونیشیا کو 3-0 سے شکست دے کر باوقار مردوں کے بیڈمنٹن ٹیم مقابلہ تھامس کپ پہلی بار جیت لیا۔ ہندستان نے پہلے تینوں میچ جیت کر تھامس کپ جیت لیا۔ لکشیا سین اور کدامبی سری کانت نے سنگلز میچ جیتا اور ستوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی نے ڈبلز میچ جیتا۔ ہندوستان نے جمعہ کو تاریخ رقم کی جب اس نے ڈنمارک کو 3-2 سے شکست دے کر پہلی بار تھامس کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندوستانی ٹیم اس سے قبل 1952، 1955 اور 1979 میں سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔

نوجوان شٹلر لکشیا سین نے پہلے میچ میں عالمی نمبر پانچ انتھونی گنٹنگ کو شکست دی۔ لکشیا نے گنٹنگ کے خلاف 8-21، 21-17، 21-16 سے جیت درج کی۔ یہ عالمی نمبر 5 شٹلر کے خلاف ان کی مسلسل دوسری جیت تھی۔ 20 سالہ ہندوستانی نے اس سال کے شروع میں جرمن اوپن راؤنڈ آف 16 میں گنٹنگ کو سیدھے گیمز میں 21-9، 21-9 سے شکست دی تھی۔ گنٹنگ نے پہلا گیم 21-8 سے جیتا، جس کے بعد لکشیا نے دوسرا گیم 21-17 سے جیت کر 1-1 سے برابر کر دیا۔ فیصلہ کن میچ میں انڈونیشیا کے گنٹنگ نے ابتدائی لمحات میں 11-7 کی برتری حاصل کی، لیکن لکشیا نے لگاتار پانچ پوائنٹس کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے گیم کو 12-12 پر لاکھڑا کیا۔ لکشیا نے میچ کے آخری لمحات میں گنٹنگ پر پوری طرح غلبہ حاصل کرلیا اور میچ 21-17 سے جیت لیا۔


ہندوستان کی بیڈمنٹن مینز ڈبلز جوڑی ستوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے ڈبلز میچ میں محمد احسن اور کیون سنجے سوکامالوجو کی جوڑی کے خلاف جیت درج کر کے ہندوستان کی برتری 2-0 کر دی۔ ساتوک اور چراغ نے یہاں امپیکٹ ایرینا میں ایک گھنٹہ اور 13 منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں احسن اور سوکامالوجی پر 18-21، 23-21، 21-19 سے جیت درج کی۔

انڈونیشیا کے احسن اور سوکامالوجو نے ابتدائی گیم 17 منٹ میں 21-18 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں ہندوستانی جوڑی نے کھیل کے وسط تک 11-6 کی برتری حاصل کی۔ وقفے کے بعد انڈونیشیا نے واپسی کی اور 14-18 سے آگے تھی، لیکن ہندوستان نے انہیں 23-21 سے شکست دی۔ فیصلہ کن کھیل میں سخت مقابلہ ہوا اور دونوں ٹیمیں ایک موقع پر 16-16 سے برابر تھیں، لیکن ہندوستان نے منفرد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ جیت کر انڈونیشیا پر 2-0 کی برتری حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔