ایشین گیمز: ہندوستان کی ہاکی ٹیم پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی، تیر اندازی میں گنیش منی نے جیتا کانسہ
1998 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان کی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں ایشین گیمز کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ ویمنز ٹیم نے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دی تھی۔

ہندوستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم ایشین گیمز 2026 کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ سیمی فائنل میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر تمغہ یقینی کر لیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ اس قدر دلچسپ رہا کہ نتیجے کے لیے آخری منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔ میچ کے آخری منٹ میں ہندوستان نے شاندار گول داغتے ہوئے پاکستان کو سیمی فائنل مقابلہ میں 4-3 سے شکست دے دی۔
ہندوستان نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل مقابلہ کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں ہی پاکستان پر 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ہندوستان کی پوزیشن میچ میں تب اور مضبوط ہو گئی جب ٹیم نے اپنی برتری کو دوسرے کوارٹر میں 2-0 سے 3-0 کر لیا۔ اس کے بعد مقابلے میں پاکستان نے زبردست واپسی کی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہندوستان کی 3-0 کی برتری کو 3-3 کی برابری میں تبدیل کر دیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر حاوی ہونے کی کوشش کرنے لگیں۔ ایسے میں میچ کے آخری منٹ میں گول داغ کر ابھیشیک نے ہندوستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔ فائنل میں طلائی تمغہ کے لیے ہندوستان کا مقابلہ جنوبی کوریا اور ملیشیا کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ 1998 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان کی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیم ایشین گیمز کے فائنل میں پہنچی ہے۔ ویمنز ٹیم نے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب ہندوستانی کمپاؤنڈ آرچر گنیش منی رتنم تھرومرو نے جمعرات کو مردوں کے انفرادی ایونٹ میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ ان کی کامیابی کے بعد آرچری (تیر اندازی) میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ گنیش نے اوکازاکی چوؤ سوگو پارک ملٹی پرپز اسکوائر میں ویتنام کے کانگ ڈُک ڈانگ کو 149-144 سے شکست دے کر تیسرا مقام حاصل کیا۔ گنیش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 بار 10 کا اسکور کیا اور مسلسل 3 بار 10 کے ساتھ 149 کا اسکور بنا کر اپنے حریف برتری حاصل کر لی۔ آئیچی ناگویا میں یہ ان کا دوسرا تمغہ ہے۔ اس سے قبل بدھ کو انہوں نے مردوں کی ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ہندوستان نے کمپاؤنڈ آرچری ایونٹ کا اختتام ٹیم میں ایونٹ میں 3 گولڈ میڈل اور انفرادی ایونٹ میں ایک کانسہ کے تمغہ کے ساتھ کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
