ایشین گیمز 2026: پہلوان نتیش سیواچ نے مردوں کے 97 کلوگرام گریکو-رومن میں جیتا چاندی کا تمغہ

اگرچہ نتیش سیواچ طلائی تمغہ حاصل نہیں کر سکے لیکن ان کا فائنل تک کا سفر ایک بڑی کامیابی تھی۔ وہ 1962 کے بعد ایشین گیمز میں گریکو-رومن کُشتی کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بنے۔

<div class="paragraphs"><p>نتیش سیواچ، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;<a href="https://x.com/airnewsalerts">@airnewsalerts</a></p></div>
i

ایشین گیمز 2026 میں جمعرات کو ہندوستان کے نتیش سیواچ کو گریکو-رومن کُشتی کے فائنل میں چاندی کے تمغہ پر اکتفا کرنا پڑا۔ ناگویا سٹی کے اینائے اسپورٹس سنٹر میں نتیش کو مردوں کے 97 کلوگرام فائنل میں جاپان کے یوری ناکاجاتو کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ ناکاجاتو نے ہندوستان کو طلائی تمغہ جیتنے سے روک دیا، لیکن نتیش کا فائنل تک کا سفر ایک بڑی کامیابی تھی۔ وہ 1962 کے بعد اس ایشین گیمز میں گریکو-رومن کُشتی کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بنے۔ ایشین گیمز 1962 میں ماروتی مانے نے اسی وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

جاپانی حریف شروع ہی سے مقابلے پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم تھا اور نتیش کو اپنی گرفت بنانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے راؤنڈ کے درمیان میں نتیش کو پیسیوٹی کے لیے پنالٹی ملی، جس سے ناکاجاتو نے 2 پوائنٹس کے ساتھ اپنا کھاتہ کھولا۔ اس کے بعد ہندوستانی پہلوان دفاعی پوزیشن میں آ گئے، کیونکہ جاپانی پہلوان اپنی برتری بڑھانا چاہتا تھا، لیکن نتیش نے زبردست مزاحمت کی اور فرق بڑھنے نہیں دیا۔ بریک کے وقت 2-0 سے پیچھے چل رہے نتیش کو باقی 3 منٹ میں بڑی واپسی کی ضرورت تھی۔ ناکاجاتو نے مقابلے کی رفتار پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور ہندوستانی پہلوان کو جارحانہ انداز اختیار کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔


جاپانی پہلوان نے نتیش کو گرا کر اپنی برتری 4-0 کر لی اور پھر کچھ دیر کے لیے انہیں ’پِن‘ کر کے مقابلہ ختم کرنے کی کوشش کی۔ نتیش نے مزاحمت کی اور مقابلے میں بنے رہے، لیکن ناکاجاتو کے کنٹرول نے ہندوستانی پہلوان کے لیے آخری مرحلے میں واپسی کی بہت کم گنجائش چھوڑی۔ آخرکار جاپانی پہلوان نے مقابلہ جیت کر طلائی تمغہ حاصل کر لیا اور نتیش کو چاندی کے تمغہ پر اکتفا کرنا پڑا۔ قابل ذکر ہے کہ نتیش نے کوارٹر فائنل میں ترکمانستان کے امان بردی آگامامیدوف کو 7-1 سے شکست دے کر اپنے ناک آؤٹ مرحلے کی شروعات کی، جس کے بعد انہوں نے منگولیا کے  گنباتارین گنکھویاغ کے خلاف مزید شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں 9-0 سے کامیابی حاصل کی۔