ایشین گیمز 2026: ہندوستان کا 16 سالہ طویل انتظار ختم، سیما کماری نے خواتین کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں جیتا ’کانسہ‘ کا تمغہ

سیما ایشین گیمز میں 10000 میٹر دوڑ میں تمغہ جیتنے والی تیسری ہندوستانی خاتون بن گئی ہیں۔ اس سے قبل 2010 میں پریجا شری دھرن نے سونے کا تمغہ اور اسی مقابلے میں کویتا راوت نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>سیما کماری، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;<a href="https://x.com/OlympicKhel">@OlympicKhel</a></p></div>
i

ہندوستانی ایتھلیٹ سیما کماری نے ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کے لیے کانسہ کا تمغہ جیتا ہے۔ جمعرات (24 ستمبر) کو میزوہو پارک ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں خواتین کی 10000 میٹر دوڑ کے فائنل میں سیما نے 32:50.05 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کا 16 سالہ انتظار بھی ختم کردیا۔ اس دوڑ میں بحرین کی ونفریڈ یاوی نے 32:39.18 سیکنڈ کا وقت لے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، جبکہ جاپان کی نوزومی تاناکا نے 32:41.54 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔

واضح رہے کہ سیما ایشین گیمز میں 10000 میٹر دوڑ میں تمغہ جیتنے والی تیسری ہندوستانی خاتون بن گئی ہیں۔ اس سے قبل 2010 میں پریجا شری دھرن نے سونے کا تمغہ جیتا تھا، جبکہ اسی مقابلے میں کویتا راوت نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ ہندوستان کی لانگ ڈسٹنس رنر ابتدائی 2000 میٹر میں سب سے آگے رہی۔ انہوں نے پہلے 1000 میٹر 3:18.12 سیکنڈ میں مکمل کیے اور 2000 میٹر کا مرحلہ 6:36.13 سیکنڈ میں پار کیا۔ اگرچہ آہستہ آہستہ سیما چوتھی پوزیشن پر کھسک گئیں، لیکن آگے چل رہی رنرز کے کافی قریب بنی رہیں۔ جب 1000 میٹر کی دوڑ باقی رہ گئی تھی تو وہ دوبارہ تیسری پوزیشن پر آ گئیں اور آخری مرحلے میں اپنی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے کانسہ کا تمغہ یقینی بنایا۔ سیما بحرین کی وِنفریڈ یاوی سے 10.87 سیکنڈ پیچھے رہیں، جبکہ قازقستان کی ڈیزی جیپکیمئی 33:03.21 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر رہیں۔


قابل ذکر ہے کہ 10 جنوری 2001 کو ہماچل پردیش میں پیدا ہونے والی سیما نے ہندوستان کی اہم لانگ ڈسٹنس رنرز میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ 5000 میٹر اور 10000 میٹر دوڑ ان کے اہم مقابلے ہیں۔ وہ 2026 میں شاندار کارکردگی کے بعد ناگویا پہنچی تھیں۔ مارچ میں کیلیفورنیا میں ’دی ٹین‘ مقابلے میں 10000 میٹر دوڑ میں انہوں نے 32:02.43 کا اپنا اب تک کا بہترین وقت نکالا اور سخت بین الاقوامی مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس کے بعد اپریل میں انہوں نے 5000 میٹر دوڑ میں بھی اپنا بہترین وقت بہتر کرتے ہوئے 15:16.20 کر لیا۔

سیما کماری نے ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز 2025 میں 5000 میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ ہانگ کانگ میں 2024 ایشین کراس کنٹری چمپئن شپ میں سینئر خواتین کی دوڑ میں سونے کا تمغہ اور 2026 میں 65ویں نیشنل انٹر اسٹیٹ سینئر ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں 10000 میٹر دوڑ میں بھی ان کے نام سونے کا تمغہ ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔