ایشین گیمز 2026: ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے تیر اندازی میں طلائی تمغہ پر کیا قبضہ، نئی تاریخ رقم
ہندوستان کی خاتون ٹیم نے تیر اندازی ریکرو ایونٹ کے فائنل میں جنوبی کوریا کو شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ یہ پہلی بار ہے جب ہندوستانی خواتین کی ٹیم اس ایونٹ کے فائنل میں پہنچی تھی۔

ہندوستان نے ’ایشین گیمز 2026‘ میں آج ایک سنہری تاریخ رقم کرتے ہوئے تیر اندازی کے ایک ایسے ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا ہے، جس میں پہلے کبھی فائنل تک بھی نہیں پہنچا تھا۔ یہ طلائی تمغہ اس لیے بھی بے حد تاریخی ہے، کیونکہ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے تیر اندازی ریکرو ایونٹ کے فائنل میں جنوبی کوریا جیسی مضبوط خواتین کی ٹیم کو شکست دے کر ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے کم کم موہود، کیرتی اور انکیتا بھکاٹ کی تکڑی نے اس ایونٹ میں ہمیشہ طلائی تمغہ جیتنے والی جنوبی کوریا کو حیران کرتے ہوئے تاریخ کا ایک نیا باب لکھ ڈالا۔
آئیچی-ناگویا میں جاری ایشین گیمز کا 13واں دن ہندوستان کے لیے تیر اندازی میں شاندار کامیابی کے ساتھ یادگار رہا۔ اس کی ابتدا سیمی فائنل سے ہوئی، جہاں ہندوستانی ٹیم نے سب سے پہلے چین کو شکست دی۔ ہندوستانی ٹیم نے اس سیمی فائنل میں پورے غلبے کے ساتھ یکطرفہ انداز میں 5-1 سے یہ مقابلہ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندوستانی ٹیم پہلی بار خواتین کے ریکرو ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ اس سے پہلے ہندوستان کی بہترین کارکردگی 2010 میں سامنے آئی تھی، جب ٹیم نے کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
چین کو شکست دینے کے بعد اصل چیلنج ابھی باقی تھا، کیونکہ فائنل میں جنوبی کوریا سے مقابلہ کرنا تھا۔ جنوبی کوریا نے گزشتہ مسلسل 7 ایشین گیمز میں اس ایونٹ کا طلائی تمغہ جیتا تھا، جبکہ مجموعی طور پر 10 بار خواتین کے ریکرو میں چیمپئن رہی تھی۔ حالانکہ پہلے سیٹ سے ہی ہندوستان نے جنوبی کوریا کو زبردست ٹکر دی اور ابتدائی دونوں سیٹ میں پوائنٹس برابر رہے۔ اس طرح 2 سیٹ کے بعد اسکور 1-1 سے برابر تھا۔ تیسرے سیٹ سے کہانی بدل گئی، جہاں ہندوستان نے 55-51 سے جیت درج کی اور فائنل میں 4-2 کی برتری حاصل کر لی۔
اب ہندوستان کو آخری سیٹ میں صرف 1 پوائنٹ کی ضرورت تھی اور ایک بار پھر ایسا ہی ہوا۔ آخری سیٹ 54-54 سے برابر رہا اور اس طرح ہندوستان نے 5-3 سے مقابلے کے ساتھ ساتھ طلائی تمغہ بھی جیت لیا۔ ایشین گیمز میں تیر اندازی کی تاریخ میں ہندوستان کا کسی بھی سطح پر یہ پہلا طلائی تمغہ ہے۔ اس سے پہلے ہندوستان نے ریکرو میں مردوں کے زمرے میں 2 چاندی کے تمغے جیتے تھے۔ لیکن خواتین نے پہلی بار نہ صرف فائنل میں جگہ بنائی بلکہ اسے جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ ٹیم کی تجربہ کار تیر انداز انکیتا کے لیے یہ تمغہ اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ وہ 2022 گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھیں۔
جنوبی کوریا کے لیے یہ شکست کسی صدمے سے کم نہیں ہے، کیونکہ ریکرو ایونٹ میں اس کا غلبہ صرف ایشین گیمز تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ اولمپک گیمز تک بھی ہے۔ ایشین گیمز میں تو خواتین کے ریکرو ٹیم ایونٹ میں اسے آخری شکست 1994 میں ملی تھی۔ اس کے بعد 1998 سے 2022 تک وہ مسلسل طلائی تمغہ جیتتا رہا۔ بہرحال، ہندوستان کی بہترین کارکردگی کے بعد اولمپک گیمز 2028 میں بھی شاندار کارکردگی کی امیدیں زندہ ہو گئی ہیں۔
