ایشین گیمز 2026: ہندوستان نے حاصل کیا ساتواں طلائی تمغہ، ہندوستان کی خاتون تیر اندازوں نے چین کو پیچھے چھوڑا
چین نے فائنل راؤنڈ کا آغاز 10 کے اسکور کے ساتھ کیا، لیکن اس کے بعد 2 بار 9 کا اسکور کر کے پیچھے رہ گیا۔ ہندوستان کی جانب سے اس کا جواب شاندار تھا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے مسلسل 3 بار 10 کا اسکور کیا۔

ایشین گیمز میں ہندوستانی خواتین کی کمپاؤنڈ تیراندازی ٹیم نے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ فائنل مقابلے میں چین کو شکست دے کر ہندوستانی ٹیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ چین نے فائنل راؤنڈ کا آغاز 10 کے اسکور کے ساتھ کیا، لیکن اس کے بعد 2 بار 9 کا اسکور کر کے پیچھے رہ گیا۔ ہندوستان کی جانب سے اس کا جواب شاندار تھا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے مسلسل 3 بار 10 کا اسکور کیا، جس سے ان کے کوچ بے حد خوش ہوئے۔ آخر میں چین نے 3 بار 10 کا اسکور کیا تو ہندوستان نے بھی اسی انداز میں جواب دیا۔ مسلسل 3 بار بہترین 10 کا اسکور کر کے ہندوستانی ٹیم نے عالمی ریکارڈ کی برابری کی اور طلائی تمغہ جیت لیا۔
اس سے قبل سیمی فائنل میں ہندوستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سانسیں روک دینے والا مقابلہ دیکھنے کو ملا تھا۔ انتہائی سخت مقابلے میں ہندوستانی خواتین کھلاڑی چکیتا تنیپراتھی، پرتیکا پردیپ اور جیوتی سریکھا وینم نے دباؤ کے لمحات میں زبردست صبر و تحمل اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ کوریائی ٹیم نے سخت چیلنج پیش کیا، لیکن چکیتا کی شاندار واپسی، پرتیکا کے نشانے کی درستگی اور تجربہ کار جیوتی سریکھا وینم کی آخری لمحات میں بہترین کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے 234-233 سے سنسنی خیز جیت درج کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
سیمی فائنل میں دھڑکنیں بڑھا دینے والی اس کامیابی کے بعد گولڈ میڈل کے لیے خطابی مقابلے میں اتری ہندوستانی ٹیم نے چین کو دھول چٹا دی۔ مقابلے کے آغاز میں کوریائی یا چینی کھلاڑیوں نے سخت ٹکر دینے کی کوشش کی، لیکن ہندوستانی خواتین نے اپنے درست نشانے والے تیروں سے ہر چیلنج کو ناکام بنا دیا۔
چکیتا تنیپراتھی، پرتیکا پردیپ اور جیوتی سریکھا وینم کی اس 3 رکنی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں جس طرح صبر و تحمل اور نشانے کی درستگی کا مظاہرہ کیا، اس سے ثابت ہو گیا کہ ہندوستانی تیراندازی اب دنیا کی صف اول کی طاقتوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس تاریخی گولڈ میڈل نے ملک بھر کے کھیل شائقین میں جشن کا ماحول پیدا کر دیا ہے اور ایشین گیمز میں ہندوستان کے طلائی سفر میں ایک اور روشن باب کا اضافہ کر دیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
