ایشین گیمز 2026 کا شاندار آغاز: منو بھاکر اور پون سہراوت نے تھاما ترنگا، افتتاحی تقریب میں نظر آئی ملک کی طاقت

ہندوستان اس بار گزشتہ ایشین گیمز میں اپنی ریکارڈ کارکردگی کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔ ہانگژو میں ہندوستان نے مجموعی طور پر 107 تمغے جیتے تھے، جن میں 28 گولڈ، 38 سلور اور 41 کانسے کے تمغے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>ایشین گیمز 2026 کا شاندار آغاز، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

آئیچی-ناگویا میں ایشین گیمز 2026 کا شاندار آغاز ہو گیا ہے۔ پالومہ میزوہو اسٹیڈیم میں منعقدہ شاندار افتتاحی تقریب میں پورے ایشیا کے کھلاڑی اور عہدیداران ایک پلیٹ فارم پر نظر آئے۔ اسی دوران ہندوستانی دستے نے بھی پورے جوش اور فخر کے ساتھ مارچ کیا۔ 2 اولمپک تمغے جیت چکیں ہندوستانی شوٹر منو بھاکر اور اسٹار کبڈی کھلاڑی پون سہراوت ہاتھوں میں ترنگا تھامے ہندوستانی دستے کی قیادت کرتے نظر آئے۔ ان کے پیچھے ہندوستانی کھلاڑیوں کا بڑا دستہ شان سے اسٹیڈیم میں پہنچا اور اس خاص لمحے کا گواہ بنا۔

ہندوستانی دستے کی انٹری افتتاحی تقریب کے سب سے خاص لمحات میں شامل رہی۔ منو بھاکر اور پون سہراوت ہاتھوں میں ترنگا لے کر سب سے آگے رہے۔ ان کے پیچھے ہندوستانی کھلاڑی اور عہدیدار پورے جوش و خروش کے ساتھ مارچ کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں پہنچے۔ ترنگے کے ساتھ ہندوستانی دستے کی یہ تصویر ایشین گیمز کے پلیٹ فامر پر ملک کی موجودگی کو خاص بنانے والی رہی۔ منو بھاکر کے لیے یہ ایشین گیمز میں تیسری شرکت ہے، وہ پیرس اولمپک میں 2 تمغے جیت چکی ہیں۔ دوسری جانب پون سہراوت 2023 ہانگژو ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہندوستانی کبڈی ٹیم کا حصہ رہے تھے۔


شروعات میں مردوں کے فلیگ بیئرر کے طور پر شاٹ پٹ اسٹار تجندرپال سنگھ تور کا نام تھا، لیکن تقریب کی کٹ سے متعلق تکنیکی مسئلے کی وجہ سے انہیں آخری وقت میں بدل دیا گیا۔ ان کی جگہ پون سہراوت نے ہندوستانی دستے کی قیادت کی۔ حالانکہ تجندرپال ایشین گیمز میں ہندوستان کے لیے تمغہ جیتنے کی امیدوں کا اہم حصہ ہیں۔ وہ پچھلی دفع کی طرح اس بار بھی شاٹ پٹ میں اپنی کارکردگی سے ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل کی دعویداری پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ افتتاحی تقریب کے دوران جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو نے 20ویں ایشین گیمز کے باضابطہ افتتاح کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی آئیچی-ناگویا ایشین گیمز کا باضابطہ آغاز ہو گیا اور اب پورے ایشیا سے پہنچے کھلاڑی تمغوں کے لیے میدان میں اتریں گے۔ شاندار افتتاحی تقریب میں 45 ممالک اور خطوں سے آئے کھلاڑی اور عہدیداران موجود رہے۔ جاپان نے روایتی موسیقی اور رقص کے ساتھ تقریب کا آغاز کیا۔ فن کاروں کی پیشکش میں ’ویلکم‘ کا پیغام بھی نظر آیا۔


تقریب کے دوران آئیچی پریفیکچر کے گورنر اومورا ہیدے آکی نے پالومہ میزوہو اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑیوں اور شائقین سے خطاب کیا۔ ان کا خطاب جاپانی زبان میں ہوا۔ آئیچی اور ناگویا پورے ایشیا سے آئے کھلاڑیوں کی میزبانی کر رہے ہیں اور گورنر کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔ اس کے بعد اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) کے صدر شیخ جوعان بن حمد نے بھی تقریب میں موجود کھلاڑیوں اور شائقین سے خطاب کیا۔

قابل ذکر ہے کہ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی ایشین گیمز 2026 کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ ہندوستانی کھلاڑی مختلف کھیلوں میں تمغوں کے لیے اتریں گے۔ ہندوستان اس بار گزشتہ ایشین گیمز میں اپنی ریکارڈ کارکردگی کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔ ہانگژو 2023 میں ہندوستان نے مجموعی طور پر 107 تمغے جیتے تھے، جن میں 28 گولڈ، 38 سلور اور 41 کانسے کے تمغے شامل تھے۔ اب آئیچی-ناگویا میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی نظر ایک بار پھر تمغوں کی فہرست میں مضبوط کارکردگی پر ہوگی۔ افتتاحی تقریب میں ترنگا تھامے منو بھاکر اور پون سہراوت کی قیادت میں ہندوستانی دستے کی تصویر نے اس مہم کے آغاز کو خاص بنا دیا۔ اب اسٹیڈیم کی چمک کے بعد باری میدان میں کارکردگی دکھانے کی ہے، جہاں ہندوستانی کھلاڑی تمغوں کے لیے اپنا دم خم دکھائیں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔