صوفیاء کرام نے غیرمسلموں سے خوشگوار تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دی

سگرشریف میں ماہانہ یوم صوفی سرمست ؒ، محفل نعت ومیلاد خوانی، مختلف شخصیات کو تہنیت پیش کی گئی

تصویر سوشل میڈیا
i
user

یو این آئی

گلبرگہ: صوفیائے کرام سے محبت وعقیدت کا تقاضہ ہے کہ ان کی تعلیمات پرعمل کیا جائے اور غیرمسلموں سے برادرانہ روابط قائم کیے جائیں۔ اس خیال کا اظہار عزیزاللہ سرمست چشتی القادری رفاعی نے کیا ہے۔ وہ کل رات آستانہ حضرت صوفی سرمست اسدالاولیاء ؒ سگرشریف تعلقہ شاہ پور ضلع یادگیر(کرناٹک) میں منعقدہ ماہانہ یوم صوفی سرمستؒ کومخاطب کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات کا نچوڑ یہ ہے کہ مسلمان اس ملک میں نہ صرف آپس میں محبت واخلاص کے ساتھ رہیں بلکہ غیرمسلموں کے ساتھ بھی نہایت خوشگوار روابط بنائیں۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کیے جارہے نفرت کے پروپگنڈہ اور مسلمانوں میں پائے جا رہے اتحاد کے فقدان کے حوالہ سے کہا کہ دین سے دوری، اور آپسی انتشار کے نتیجہ میں آج ہم ایمان کی قوت اوراتحاد کی طاقت سے کمزور ہوگئے ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ صوفیائے کرام نے غیرمسلموں سے خوشگوار تعلقات کوغیرمعمولی اہمیت دی اور اپنے کردار سے انہیں متاثرکیا۔ خانقاہی سرگرمیوں میں انہیں شریک کیا یہی وجہہ ہے کہ آج بھی غیرمسلم ان کی بارگاہوں میں نہایت عقیدت سے حاضری دیتے ہیں۔ آج جبکہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف شدید نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ غیرمسلموں کی غلط فہمیوں کودور کرنے اور نفرت انگیز پروپگنڈہ کو بے اثر کرنے کے لئے مسلمان صوفیائے کرام کی تحریک سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے منظم منصوبہ بندی کریں۔

قبل ازیں قاری سیدشاہ معزالدین سرمست چشتی القادری کی قرات کلام پاک سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ مولانا سیدشاہ اسداللہ سرمست چشتی القادری نے صدارت کی۔ مولانا سید شاہ عبدالرزاق قادری عاقب، الحاج سیدشاہ امجد سرمست، سیدشاہ منہاج الدین سرمست چشتی القادری آصف، سیدشاہ حفیظ الدین سرمست، نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ سیدہ عائشہ فاطمہ، سیدشاہ عزیزالدین سرمست، سیدشاہ فیض الدین سرمست انس، سیدشاہ ظہیب الدین سرمست، الیاس صابری، ادریس تسکین صابری، الحاج امجد سرمست، خواجہ میاں ملاں شاہ پور، نے نعت خوانی کاشرف حاصل کیا۔


سیدبابا میلاد خوانی گروپ شاہپور نے میلادخوانی کی۔ مولانا محمد نوح ریاستی سکریٹری وضلع صدرانڈین یونین مسلم لیگ گلبرگہ، عبدالغفار نگنوری سابق چیرمین سٹی میونسپل کونسل شوراپور، سابق چیرمین ٹاؤن پلاننگ شوراپور، محمد ضمیرالدین سابق چیرمین سٹی کارپوریشن گلبرگہ، شیخ محبوب ونٹی سابق چیرمین سٹی میونسپل کونسل شوراپور کوان کی ملی فلاحی سیاسی، عوامی سماجی خدمات کے لئے حضرت سیدشاہ اسداللہ سرمست سجادہ نشین نے تہنیت کے ساتھ سپاسنامہ پیش کیا۔

عالمی شہرت یافتہ ونیشنل ایوارڈ یافتہ آرٹسٹ محمد ایازالدین پٹیل گلبرگہ، معروف پروفیشنل آرٹسٹ اینڈ ریسرچرگلبرگہ یونیورسٹی ڈاکٹر رحمن پٹیل، تاریخی کوائن کلکٹر محمد اسماعیل گلبرگہ کوفنون لطیفہ وثقافتی خدمات کو فروغ دینے، سجاد حسین نیا محلہ گلبرگہ کو بہترین ناظم مشاعرہ کی حیثیت سے سجادہ نشین نے تہنیت کے ساتھ سپاسنامہ پیش کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔