میکسیکو میں چرچ کی چھت گرنے سے متعدد افراد ہلاک

گرجا گھر کی چھت گرنے کی وجوہات ابتدائی طور پر واضح نہیں ہیں، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

میکسیکو میں چرچ کی چھت گرنے سے متعدد افراد ہلاک
میکسیکو میں چرچ کی چھت گرنے سے متعدد افراد ہلاک
user

Dw

میکسیکو میں اتوار کے روز ایک چرچ کی چھت گرنے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق سات افراد کے ہلاک ہوئے اور تقریباً 20 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پھنسے ہوئے لوگوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں، جنہیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیڈاڈ میڈرو کے سانتا کروز میں چرچ کی چھت گرنے کے بعد زخمی ہونے والے تقریبا ًپچاس افراد کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ ساحلی ریاست تامولیپاس کی پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت تقریباً 100 افراد چرچ میں جمع تھے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ بپتسمہ کی ایک تقریب تھی۔


اس بارے میں ہمیں مزید کیا معلوم ہے؟

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے، جبکہ دس افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 20 افراد اب بھی عمارت کے ملبے تلے لاپتہ ہیں اور چھت گرنے کے وقت بپتسمہ کی تقریب چل رہی تھی۔

ایسوسی ایٹیڈ پریس نے تمولیپاس ریاستی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چرچ کی چھت گرنے کے وقت عمارت میں 100 کے قریب لوگ موجود تھے۔ تمولیپاس کے گورنر امریکو ولاریل نے ایکس یعنی ٹوئٹر پر لکھا، '' امدادی منصوبوں کو مربوط کرنے کے لیے، سیکیورٹی اور سول پروٹیکشن فورسز پہلے ہی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہیں۔''


بشپ آرمینڈو نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ''ہم ایک بہت مشکل لمحے کا سامنا کر رہے ہیں۔۔۔۔۔۔ یوکرسٹ کے جشن کے دوران ایک چرچ کی چھت گر گئی ہے۔'' انہوں نے کہا کہ ''اس لمحے میں ان لوگوں کو نکالنے کے لیے ضروری کام کیا جا رہا ہے جو ابھی تک ملبے کی زد میں ہیں۔''

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہرکو پیش آیا۔ سیڈاڈ میڈرو کی آبادی 200,000 کے قریب ہے اور یہ خلیج میکسیکو کے ساحل پر واقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔