دنیا کے سب سے بڑے پاؤں کے لیے جوتے تیار

ان جوتوں کا سفر جنوبی امریکا کے شہر کراکس میں جا کر اختتام پذیر ہوگا کیوں کہ اس شہر کے مضافات میں ایک ایسا شخص ہے، جس کے پاؤں دنیا میں سب سے بڑے ہیں۔ جرمنی کے اس ماہر موچی کے گاہک دنیا بھر میں ہیں۔

دنیا کے سب سے بڑے پاؤں کے لیے جوتے تیار
دنیا کے سب سے بڑے پاؤں کے لیے جوتے تیار
user

Dw

جرمنی کے علاقے میونسٹرلانڈ کے کشف دوز گیورک ویسلز عام لوگوں کے بجائے ایسے خاص لوگوں کے لیے جوتے تیار کرتے ہیں، جنہیں دنیا بھر کی دکانوں سے اپنے غیر معمولی پیروں کے لیے مناسب جوتے نہیں ملتے۔ جرمنی کے اس موچی نے جوتوں کے حوالے سے کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔

دنیا کے سب سے بڑے پیروں کے لیے جوتے تیار کرنے کے لیے گیورک ویسلز نے رواں برس مئی میں جنوبی امریکا تک کا سفر کیا تھا تاکہ وہاں موجود ایک سترہ سالہ لڑکے کے پاؤں کا ناپ لے سکیں۔ اس لڑکے کے جوتوں کا سائز 66 نمبر ہے اور یہ لاطینی امریکی ملک وینزویلا کے شہر کراکس کے مضافات میں رہتا ہے۔


گیورک ویسلز کے مطابق اس نوجوان کو ایکرومیگلی نامی بیماری ہے۔ یہ پیٹیوٹری غدود کا ایک ایسا کینسر ہے، جس میں پاؤں اور ہاتھ غیرمعمولی طور پر بڑھنا شروع ہو جاتے ہیں۔

گیورک ویسلز کے مطابق نوجوان جیسن روڈریگوئز کے پاؤں 44 سینٹی میٹر لمبے ہیں اور گزشتہ دس برسوں سے اس نے جوتے نہیں پہنے۔ معلوم ریکارڈ کے مطابق ابھی تک دنیا میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے، جس کے پاؤں 44 سینٹی میٹر لمبے ہوں۔ گیورک ویسلز بڑے سائز کے جوتے تیار کرنے کے ماہر مانے جاتے ہیں اور دنیا کے سب سے دراز قد شخص سلطان گوئزن کے جوتے بھی یہی تیار کرتے ہیں۔


جیسن روڈریگوئز اب کراکس سے تقریباﹰ ایک گھنٹہ دوری پر جرمنی سے آنے والے اپنے ان خاص جوتوں کا انتظار کر رہا ہے۔ گیورک ویسلز کو اس نوجوان کا علم ایسے ہوا تھا کہ متاثرہ لڑکے کے خاندان نے انہیں تصاویر بھیجی تھیں اور اس حوالے سے مدد کرنے کے لیے کہا تھا۔ ان تصاویر کی مدد سے گیورک ویسلز صحیح ناپ نہیں لے سکتے تھے اور اسی وجہ سے انہیں خود وینزویلا جانا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔