جرمن گائیوں نے جنگلی خوکچہ گود لے لیا

جرمنی میں ان دنوں اپنے خاندان سے بچھڑ جانے والے ایک جنگلی خوکچے کا بڑا چرچا ہے، جسے ایک کسان کی گائیوں نے گود لے لیا ہے۔ یہ گائیں چراگاہ جاتے ہوئے اس خوکچے کو بھی ہمراہ لے جاتی ہیں۔

جرمن گائیوں نے جنگلی خوکچہ گود لے لیا
جرمن گائیوں نے جنگلی خوکچہ گود لے لیا
user

Dw

یہ واقعہ قریب تین ہفتے قبل وسطی جرمنی کے ایک چھوٹے سے قصبے بریفوئرڈے میں پیش آیا۔ اس قصبے کے ایک کسان فریڈرش شٹاپل نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ وہ ایک روز اپنی گائیوں کے ریوڑ میں ایک جنگلی خنریز کے چھوٹے سے بچے کو دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔

کسان فریڈرش شٹاپل کے مطابق یہ خوکچہ (خنریز کا چھوٹا سا بچہ) ممکنہ طور پر اس وقت اپنے خاندان سے بچھڑ کر راستہ بھول گیا تھا، جب جنگلی خنریزوں کا یہ کنبہ ایک قریبی دریا عبور کر رہا تھا۔


شٹاپل نے بتایا کہ وہ جانتا ہے کہ جنگلی خنریز کسی طرح زرعی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچاتے اور انہیں تباہ کر دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود اس نے اس خوکچے کو اپنی گائیوں کے ریوڑ سے علیحدہ کر کے جنگل کی طرف بھگا دینا مناسب نہ سمجھا۔

یہ دیکھتے ہوئے کہ شٹاپل کی گائیوں نے اس خوکچے کو ایک طرح سے گود لے لیا تھا اور چرنے کے لیے چراگاہ جاتے ہوئے بھی وہ اس کم عمر جانور کو ساتھ لے جاتی ہیں اور اس کی دیکھ بھال کرتی ہیں، شٹاپل نے اپنے قصبے کے تمام شکاریوں کو بھی منع کر دیا کہ ان میں سے کوئی بھی اس جنگلی خوکچے کا شکار کرے اور نہ ہی اسے کوئی نقصان پہنچائے۔


دریں اثنا شٹاپل نے اس خوکچے کا نام 'فریڈا‘ بھی رکھ دیا ہے اور یہ 'لے پالک اپنی متبادل ماؤں‘ کے ساتھ ان کے باڑے میں ہنسی خوشی وقت گزار رہا ہے۔

فریڈرش شٹاپل نے ڈی پی اے کو بتایا، ''گائیوں کے لیے سخت سردی میں باڑےکا اندرونی ماحول گرم رکھنے کا کافی انتظام ہوتا ہے اور یہ خوکچہ ان گائیوں کے ہمراہ سکون سے سارا موسم سرما اسی باڑے میں گزار سکے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */