خالصتان حامیوں کے خلاف کارروائی پر اکال تخت برہم

بھارتی سکھوں کے اعلیٰ ترین مذہبی ادارے اکال تخت نے حکومت سے کہا ہے کہ مبینہ خالصتان نواز رہنما امرت پال سنگھ کی حمایت کے الزام میں گرفتار سینکڑوں سکھ نوجوانوں کو چوبیس گھنٹے کے اندر رہا کرے۔

بھارت:خالصتان حامیوں کے خلاف کارروائی پر اکال تخت برہم
بھارت:خالصتان حامیوں کے خلاف کارروائی پر اکال تخت برہم
user

Dw

سکھوں کے اعلیٰ ترین مذہبی ادارے اکال تخت نے خالصتان حامی رہنما امرت پال سنگھ کے خلاف پنجاب پولیس کی کارروائی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اکال تخت نے پنجاب کی بھگونت مان حکومت اورمرکز کی نریندر مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ "جو لوگ ہندو راشٹر کا مطالبہ" کر رہے ہیں ان کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کیوں نہیں کی جارہی ہے؟

اکال تخت کے جتھیدار گیانی ہرپریت سنگھ نے ریاستی حکومت کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ امرت پال سنگھ کے خلاف کارروائی کے دوران جن سکھ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہیں رہا کیا جائے۔


خیال رہے کہ اکال تخت سکھوں کا اعلیٰ ترین ادارہ ہوتا ہے اور اس کے جتھیدار اس کے اعلیٰ ترجمان ہوتے ہیں۔ امرت پال سنگھ اور علیحدہ خالصتان کی مبینہ حمایت کرنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف سیاہ قانون نیشنل سکیورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے اطلاق پر سوال اٹھاتے ہوئے جتھیدار ہرپریت سنگھ نے کہا،

"ہندو راشٹر کا مطالبہ کرنے والے لاکھوں لوگ ہیں۔ انہیں بھی گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہیں بھی این ایس اے کے تحت گرفتار کیا جانا چاہئے۔"


'اگر رہا نہ کیا گیا تو تشدد پھوٹ سکتے ہیں'

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ریاستی پولیس سے کہا ہے کہ جن لوگوں کو احتیاطی اقدامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور جو کسی ملک دشمن سرگرمی میں ملوث نہ پائے جائیں انہیں رہا کردیا جائے۔ انہوں نے تاہم کہا ہے کہ جوکوئی بھی امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے تحت 353 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ان میں سے 197 کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اکال تخت کے جتھیدار نے متنبہ کیا کہ اگر گرفتار نوجوانوں کو رہا نہ کیا گیا تو پرتشدد مظاہرے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا،"ہمیں جارحانہ نہیں ہونا چاہئے لیکن سفارتی لہجے میں جواب دینا چاہئے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ پولیس کی حراست سے نوجوانوں کو رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔


اکال تخت کے رہنما نے کہا کہ وہ بیساکھی کے بعد اس معاملے کو پورے ملک اور دنیا بھر میں اٹھائیں گے۔"ہم ہر ایک کو بتائیں گے کہ ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔" انہوں نے مبینہ طورپر سکھوں کو بدنام کرنے پر نیوز چینلوں کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ تفتیشی ایجنسیوں اور نیوز چینلوں کے ذریعہ سکھوں کے خلاف "بیانیہ" طے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جھتیدار نے کہا، "نیوز چینل منافرت پھیلارہے ہیں۔ ہمیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنی ہوگی۔ کیا ہم دہشت گرد ہیں۔"

امرت پال سنگھ کہاں ہیں؟

بھارتی میڈیا کے مطابق امرت پال سنگھ بھارت سے نیپال چلا گیا ہے۔ نیپال کے محکمہ امیگریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی درخواست پر امرت پال سنگھ کو سرویلینس لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے۔


نیپال کے محکمہ اطلاعات کے انفارمیشن افسر کمل پرساد پانڈے کا کہنا تھا، "ہمیں کٹھمنڈو میں بھارتی سفارت خانے سے ایک تحریری درخواست اور امرت پال سنگھ کے پاسپورٹ کی نقل موصول ہوئی ہے۔ خط میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ امرت پال نیپال میں داخل ہوگیا ہے۔"

اکال تخت نے اس سے قبل ایک بیان میں امرت پال سنگھ سے کہا تھا کہ وہ پولیس کے سامنے خودسپردگی کردے اور تفتیش میں تعاون کرے۔ انہوں نے پولیس کی اہلیت پر بھی سوال اٹھائے اور اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ پولیس آخر اب تک انہیں گرفتار کیوں نہیں کرسکی؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔