روس اور ایران سے جڑے فیس بک اور ٹوئٹر کے سینکڑوں فرضی اکاؤنٹس بند

فیس بک اور ٹوئٹر نے ایسے سینکڑوں جعلی اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں، جن کے بارے میں یقین تھا کہ وہ روس اور ایران سے وابستہ تھے اور ان کا غلط استعمال کیا جا رہا تھا۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقریبا ایسے ساڑھے چھ سو اکاؤنٹس اور پیجز کو بند کر دیا گیا ہے، جن کے بارے میں یقین ہو چلا تھا کہ جعلی معلومات کی ترسیل میں مصروف تھے۔ فیس بک کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو مارک سوکر برگ نے منگل کے دن بتایا کہ بلاک کیے گئے یہ اکاؤنٹس فیس بک کے علاوہ انسٹا گرام پر بھی فعال تھے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی انتظامیہ کے مطابق ایسے دو سو چوارسی اکاؤنٹس بند کیے گئے ہیں، جو بظاہر ایران سے منسلک تھے۔ ٹوئٹر اور فیس بک کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے مزید حقائق جاننے کی خاطر چھان بین کا سلسلہ جاری ہے اور اس مقصد کی خاطر امریکی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔

فیس بک کے سربراہ سوکر برگ نے کہا ہے کہ ڈیٹا کے تجزیات سے معلوم ہوا ہے کہ ایران اور روس میں موجود صارفین کی طرف سے پھیلانی جانے والی غلط فہمیوں کے مابین ابھی تک کوئی ربط نہیں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں ممالک سے غلط معلومات پھیلانے کے جو طریقے استعمال کیے گئے ہیں، وہ تقریبا ایک جیسے ہی ہیں۔

سوشل میڈیا امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ صارفین ان پلیٹ فارمز کا غلط استعمال کرتے ہوئے معلومات تک غلط رسائی کرتے ہیں ، جس سے انفرادی طور پر صارفین کی سوچ کی ایک خاص زاویے سے تربیت ممکن ہے۔

ان ماہرین کے بقول سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو اس تناظر میں اپنی نگرانی بڑھانا چاہیے تاکہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کو پھیلانے والے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

ادھر فیس بک اور ٹوئٹر جیسی ویب سائٹس نے اپنے اپنے پلیٹ فارمز پر نگرانی کا عمل سخت کر رکھا ہے۔ اس کی ایک وجہ نومبر میں امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات بھی ہیں۔ ان ویب سائٹس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس کریک ڈاؤن کے تحت بالخصوص سیاسی نوعیت کے مباحث کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔