جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پریم چند کی ادبی خدمات اور سماجی شعور پر یادگاری خطبہ کا انعقاد

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں دسویں پریم چند یادگاری خطبے میں مقررین نے پریم چند کی ادبی خدمات، سماجی حساسیت اور اردو و ہندی ادب میں ان کے نمایاں مقام پر روشنی ڈالی

<div class="paragraphs"><p>تصویر پریس ریلیز</p></div>
i

نئی دہلی: پریم چند ایک عظیم تخلیقی فنکار تھے۔ وہ اپنے معاشرے کے تئیں بڑے حساس تھے۔ زبان کے معاملے میں انہیں کتنا جھیلنا پڑا ہوگا، وہ میں سمجھ سکتا ہوں۔ وہ اردو اور ہندی دونوں زبانوں کے درمیان جھول رہے تھے۔ کوئی بات ہندی میں کیسے کہی جائے اور اردو میں کیسے پیش کی جائے، اس معاملے میں وہ بہت چوکنّا تھے۔ ان کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ بعد میں ہندی میں آئے، مناسب نہیں، وہ دونوں زبانوں میں ابتدا ہی سے لکھتے رہے۔ آخری عمر تک دونوں ہی زبانوں میں لکھتے رہے۔ البتہ یہ ضرور ہے کہ پریم چند کی مادری زبان اردو تھی اور ہندی ان کی کسبی زبان تھی۔

ان خیالات کا اظہار ہندی زبان کے ممتاز فکشن نگار پروفیسر عبدل بسم اللہ نے جامعہ پریم چند آرکائیوز اینڈ لٹریری سنٹر کے زیر اہتمام منعقدہ دسویں پریم چند یادگاری خطبے کے موقع پر کیا۔ خطبہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر عبدل بسم اللہ نے مزید فرمایا کہ گئو دان صرف وہ ناول ہے جسے پریم چند نے پہلے ہندی میں لکھا، جس کا ترجمہ بعد میں اقبال بہادر سحر نے کیا۔ گئو دان کے علاوہ انہوں نے سارے ناول پہلے اردو میں لکھے۔

پروفیسر عبدل بسم اللہ نے پریم چند کے کچھ ناولوں اور افسانوں کے اردو متون کا ہندی ناولوں اور افسانوں کے متون سے موازنہ کر کے چند نئے انکشافات کیے اور یہ کہا کہ پریم چند بھی انسان تھے۔ انہوں نے جہاں ضرورت ہوئی اپنی ہوشیاری اور چوکنا پن کا مظاہرہ کیا۔ کہیں الفاظ تبدیل کیے اور کہیں کردار۔ پریم چند نے اردو کے کلاسیکی ادب کا گہرا مطالعہ کیا تھا۔ انگریزوں نے زبان کی تقسیم کرنے والی بات ہندوستانیوں کے ذہن میں ڈالی مگر پریم چند نے توازن قائم رکھا۔


اس موقع پر اپنے صدارتی خطبے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے فرمایا کہ میں نے تین مصنفین کا مطالعہ بہت غور سے کیا ہے۔ وہ امیر خسرو، کبیر اور پریم چند ہیں۔ ان تینوں فنکاروں کا ادب ہندوستانی تہذیب و معاشرت کی سچی تصویر کشی کرتا ہے۔ پریم چند کے فکشن میں خالص ہندوستانی زبان، اشیاء اور گاؤں دیہات کی روزمرہ زندگی کو بڑے ہی مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ پریم چند کا ہر کردار آج بھی زندہ ہے۔ یہ ایک لازوال مصنف کی شناخت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریم چند کو جس طرح پڑھنا چاہیے، وہ اب تک نہیں ہوا ہے۔ عورت، مذہب، سماج اور تفریق کے حوالے سے ان کے افسانے اور ناول اہم ہیں۔ جب ہم پریم چند کو پڑھتے ہیں تو ان سے ایک رشتہ قائم ہونا چاہیے۔ ان کے خیالات سے ہم آہنگی ضروری ہے۔ پریم چند نے خواتین کے کردار کو جس طرح پیش کیا ہے، وہ حیرت انگیز اور نہایت پراثر ہے۔ پریم چند ہماری تہذیب اور روایت سے جڑے ہوئے فنکار ہیں۔

شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ پریم چند آرکائیوز اینڈ لٹریری سنٹر کے زیر اہتمام قومی اردو کونسل کے اشتراک سے منعقدہ قومی سیمینار کے مقالات کے مجموعے ’پریم چند کا ادب؛ نئے تناظر میں‘، مرتبین، ڈاکٹر شمس اقبال اور پروفیسر شہزاد انجم کا اجرا بھی فرمایا۔

پروگرام میں مہمان اعزازی پروفیسر اقتدار محمد خاں (ڈین) نے فرمایا کہ شیخ الجامعہ صاحب کی سرپرستی میں پروفیسر شہزاد انجم صاحب، ڈائریکٹر پریم چند آرکائیوز نے جامعہ پریم چند آرکائیوز اینڈ لٹریری سنٹر کو نہایت فعال کر دیا ہے۔ پریم چند کا یہ جلسہ اس بات کی علامت ہے۔ اس سے پہلے بھی پریم چند آرکائیوز میں کئی شاندار ادبی پروگرام ہوئے ہیں۔ اقتدار محمد خان نے مزید فرمایا کہ پریم چند اپنی تحریروں میں حسب ضرورت تبدیلی لاتے رہے۔ وہ سماج اور معاشرے کے مزاج کو سمجھتے تھے، وہ بہترین نبض شناس تھے۔ پریم چند اردو اور ہندی کے مقبول ترین فنکار تھے۔


جلسے کے آغاز میں جامعہ پریم چند آرکائیوز اینڈ لٹریری سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے تمام مہمانان کا استقبال کیا۔ پروفیسر عبدل بسم اللہ کا مکمل تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدل بسم اللہ موجودہ عہد کے ممتاز ترین فکشن نگار ہیں جن کا رشتہ کئی جہتوں میں پریم چند سے قائم ہوتا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کو اپنے جن اساتذہ پر ناز ہے، ان میں ایک عبدل بسم اللہ بھی ہیں۔ پروفیسر شہزاد انجم نے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف اور ڈین اقتدار محمد خاں کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا، جن کی سرپرستی اور نگرانی میں پریم چند آرکائیوز میں ادبی پروگرام کا انعقاد متواتر ہو رہا ہے۔

پروگرام کی نظامت معروف شاعر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ہندی کے استاد پروفیسر رحمان مصور نے نہایت ہی عمدگی سے کی۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا تعارف بھی پیش کیا اور پریم چند کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ جلسے کا آغاز ایم اے سال اول کی طالبہ توقیر النساء کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ پریم چند آرکائیوز کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ محترمہ شردھا شنکر نے پیش کیا۔

<div class="paragraphs"><p>(دائیں سے بائیں) پروفیسر رحمان مصور، پروفیسر عبدل بسم اللہ، پروفیسر مظہر آصف (شیخ الجامعہ)، پروفیسر اقتدار محمد خاں اور پروفیسر شہزاد انجم۔</p></div>

(دائیں سے بائیں) پروفیسر رحمان مصور، پروفیسر عبدل بسم اللہ، پروفیسر مظہر آصف (شیخ الجامعہ)، پروفیسر اقتدار محمد خاں اور پروفیسر شہزاد انجم۔

اس جلسے میں بڑی تعداد میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں پروفیسر خالد محمود، پروفیسر نیلوفر افضل، پروفیسر حبیب اللہ خاں، پروفیسر مکیش رنجن، پروفیسر فوزان احمد، پروفیسر ایم لتامہیشور، پروفیسر عبدالماجد قاضی، پروفیسر عبدالحلیم، پروفیسر نیرج کمار، پروفیسر دلیپ شاکیہ، پروفیسر انل کمار، پروفیسر مکیش مروٹھا، پروفیسر جے پرکاش، پروفیسر عصمت جہاں، پروفیسر محمد علیم، ڈاکٹر شکیل اختر، ڈاکٹر محمد خالد خاں، ڈاکٹر نوشاد عالم، ڈاکٹر دھننجے ترپاٹھی، ڈاکٹر محمد عامر، ڈاکٹر نور الدین پرویز، ڈاکٹر محمد ارشد، ڈاکٹر آصف عمر، ڈاکٹر منہاج احمد، ڈاکٹر راہین شمع، ڈاکٹر شاداب تبسم، ڈاکٹر ثاقب فریدی، ڈاکٹر محمد اقبال، ڈاکٹر عبدالرزاق زیادی، ڈاکٹر جاوید عالم وغیرہ کے نام خصوصی طور پر قابل ذکر ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔