مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کا انتقال علمی دنیا کے لیے بڑا نقصان: جمعیۃ علماء ہند
دارالعلوم ندوۃ العلماء کے مہتمم مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند نے رنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے علمی و دینی دنیا، خصوصاً عربی زبان و ادب کے لیے بڑا نقصان قرار دیا

نئی دہلی: دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ کے مہتمم اور معروف عالمِ دین حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور ناظمِ عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے مولانا سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کی وفات کو ہندوستان کے علمی و دینی حلقوں، بالخصوص دارالعلوم ندوۃ العلماء اور عربی زبان و ادب کی دنیا کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مولانا سعید الرحمن اعظمی ندویؒ نے اپنی زندگی کا ایک طویل حصہ علم و دین کی خدمت میں صرف کیا۔ وہ گزشتہ 71 برس سے دارالعلوم ندوۃ العلماء سے وابستہ تھے اور تدریس کے ذریعے کئی نسلوں کی علمی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔
بیان کے مطابق مولانا مرحوم کی علمی زندگی درس و تدریس کے ساتھ عربی زبان و ادب کی خدمت، تصنیف و تالیف اور صحافت کے ذریعے حق گوئی سے عبارت تھی۔ جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ ان کی شخصیت دینِ متین کی خدمت کا ایک نمایاں استعارہ تھی اور علمی و دینی میدان میں ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ مولانا سعید الرحمن اعظمی ندویؒ متعدد دینی، علمی اور انتظامی مجالس کے رکن اور ذمہ دار بھی رہے۔ ان میں جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی مجلسِ منتظمہ میں بحیثیت مشاہیر رکنیت بھی شامل تھی۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اس پُرملال موقع پر دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ناظم مولانا سید بلال حسنی ندوی، اساتذہ، طلبہ اور مولانا مرحوم کے سوگوار اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کی تمام دینی و علمی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو اس عظیم صدمے پر صبرِ جمیل نصیب کرے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
