دہلی: مرکزی انجمن عید میلادالنبی کی سالانہ میٹنگ، جلوس کی تیاریوں کا جائزہ
مرکزی انجمن عید میلادالنبی کی سالانہ میٹنگ میں جلوس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ حاجی شمیم قریشی نے ادب، امن، بھائی چارے اور نظم و ضبط کے ساتھ جلوس نکالنے کی اپیل کی

نئی دہلی: مرکزی انجمن عید میلادالنبی، باڑہ ہندوراؤ کی سالانہ میٹنگ جلوس کے کنوینر حاجی شمیم قریشی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں نبی کریم میلاد کمیٹی سمیت مختلف کمیٹیوں کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ میں عید میلادالنبی کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ جلوس پوری شان و شوکت، ادب و احترام اور نظم و ضبط کے ساتھ نکالا جائے۔ شرکا نے جلوس کے انتظامات، راستوں اور دیگر ضروری امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر دعوت اسلامی کے مبلغ نے میلادالنبی اور جلوس کی اہمیت کے حوالے سے مختصر خطاب کیا۔
جلوس کے کنوینر حاجی شمیم قریشی نے کہا کہ یہ جلوس ان کے والد حاجی نواب تقی مرحوم نے شروع کیا تھا اور گزشتہ تقریباً 50 برس سے دہلی میں یہ بڑا جلوس نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے شرکا سے اپیل کی کہ جلوس کے دوران کسی بھی قسم کی خرافات، بدکلامی اور ڈی جے سے پرہیز کیا جائے اور میلادالنبی کے پیغام کو امن، بھائی چارے، تہذیب، ادب اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ عام کیا جائے۔
انہوں نے جلوس کے راستوں میں سڑکوں کی خستہ حالی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور مقامی لیڈروں سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل کرانے کی اپیل کی۔ انہوں نے خاص طور پر احاط کیدارہ کی سڑک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کئی ماہ سے کھدی ہوئی ہے اور پورے علاقے کی حالت خستہ ہے، لہٰذا یہاں بھی سڑکوں کی مرمت کرائی جائے۔
حاجی شمیم قریشی نے کہا کہ جلوس کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کسی شہری کو تکلیف نہ ہو اور پورے علاقے میں امن و بھائی چارے کا ماحول برقرار رہے۔ میٹنگ میں جان عالم، ساجد رضا، سبحان، شبر، سید اسلم، شہادت علی، عمیر سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
