دہلی سے حج پروازوں کا بابرکت آغاز، دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن نے حجاج کو رخصت کیا
حکومتِ ہند کی وزارتِ اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر شریوتس کرشنا اور دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے عازمین حج کو پھولوں کے ہار پہنا کر مدینہ منورہ کے لیے صبح 9:45 بجے روانہ کیا۔

نئی دہلی: ہندوستان سے مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے حجاج کرام کی روانگی 18 اپریل سے شروع ہو گئی ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے انتظامات کے تحت ملک کی راجدھانی دہلی سے حج 2026 کے لیے جانے والے کل 371 حجاج کرام کو آج اندرا گاندھی بین الاقومی ایئر پورٹ کے ٹرمنل 3 سے سعودی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے حکومتِ ہند کی وزارتِ اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر شریوتس کرشنا اور دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے پھولوں کے ہار پہنا کر مدینہ منورہ کے لیے صبح 9:45 بجے روانہ کیا۔

اس موقع پر پہلی حج پرواز کے مبارک آغاز کے لیے ٹرمنل 3 پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندوستان میں سعودی عرب کے نائب سربراہِ مشن احمد مشبّب الاحمری، وزارتِ اقلیتی امور کے جوائنٹ سکریٹری رام سنگھ اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری وزارتِ اقلیتی امور نے کہا کہ حج پر جانے والے تمام معزز حجاج کرام ہندوستان کے سفیر اور نمائندے ہیں اور انہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنے قیام کے دوران ہندوستانی ثقافت کے بہترین نمائندے کے طور پر اپنی شناخت قائم رکھنی چاہیے۔ اس سے قبل دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے مہمانوں اور تمام حجاج کرام کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت اور حج کمیٹی حجاج کرام کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ اس بار شمالی ہندوستان کے سب سے بڑے حج امبارکیشن پوائنٹ دہلی سے روانہ ہونے والی پہلی پرواز میں کل 371 حجاج میں 177 خواتین اور 194 مرد عازمین شامل ہیں۔ آج روانہ ہونے والی دوسری پرواز شام 4:45 بجے 410 حجاج کو لے کر جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 20 مئی تک سعودی ایئرلائن کی 54 پروازوں کے ذریعے دہلی سمیت شمالی ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے 21,000 سے زائد حجاج مدینہ منورہ اور جدہ کے راستے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ اس سال ’دہلی امبارکیشن‘ سے پہلے مرحلے میں 31 پروازوں کے ذریعے 12,240 حجاج مدینہ منورہ جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 23 پروازوں کے ذریعے 8,860 حجاج مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ دہلی ریاست کے حجاج کی تعداد 3,196 ہے۔

اس سال پہلی مرتبہ شروع کی گئی قلیل مدتی (شارٹ ٹرم) حج اسکیم کے تحت 19 اور 20 مئی 2026 کو 5 پروازوں کے ذریعے تقریباً 2000 حجاج 20 روزہ حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس نئی سہولت سے ایسے افراد کو فائدہ ہوگا جو مصروف طرزِ زندگی یا سرکاری ملازمت کی وجہ سے 40 سے 45 دن کے طویل حج سفر کے لیے وقت نہیں نکال پاتے تھے۔ اسی طرح حکومتِ ہند کی جانب سے پہلے سے شروع کی گئی سہولت کے تحت بغیر محرم خواتین حجاج 21 مئی 2026 کو حج کے لیے روانہ ہوں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔