آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدر نوید حامد کو ’قائد ملت ایوارڈ‘ دینے کا اعلان
قائد ملت ایجوکیشنل اینڈ سوشل ٹرسٹ (چنئی) کی ایوارڈ کمیٹی نے 2024 کے لیے اس باوقار قومی ایوارڈ کا مستحق جان دیال کو بھی قرار دیا، 5 لاکھ روپے کا یہ ایوارڈ 2015ء سے ہر سال پیش کیا جاتا ہے۔

نوید حامد
نئی دہلی: جنوبی ہند کے مشہور و باوقار ادارہ قائد ملت سوشل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ (چنئی) نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدر نوید حامد کو 2024 کا ’قائد ملت ایوارڈ‘ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ایم جی داؤد میاں خان کے ذریعہ جاری کردہ اطلاع کے مطابق ملک کے مشہور سیاسی و سماجی رہنما قائد ملت محمد اسماعیل مرحوم (بانی انڈین یونین مسلم لیگ) کی یاد میں قائم شدہ، 5 لاکھ روپے، سند توصیفی اور ٹرافی پر مشتمل یہ ایورڈ 2015 سے ہر سال گرانقدر و بے لوث عوامی خدمات کے لیے دیا جاتا ہے۔
اس بار مشہور ماہر تعلیم ڈاکٹر وی وسنتی دیوی (سابق وائس چانسلر ایم ایس یونیورسٹی) کی زیر صدارت 4 رکنی سلیکشن کمیٹی فار ایوارڈ نے نوید حامد اور جان دیال کو ایوارڈ کا مستحق قرار دیا ہے، جو ان کو اپریل میں ایک بڑے جلسہ میں پیش کیا جائے گا۔ قائد ملت ٹرسٹ یہ ایوارڈ اس سے پہلے تیستا سیتلواڈ، آر نلاکنو، این سنکریا، سید شہاب الدین، مانک سرکار، حامد انصاری، ارونا رائے، اے جی نورانی، ہرش مندر، بلقیس بانو (شاہین باغ کی دادی)، ڈاکٹر عرفان حبیب، تھری کے ویرامنی، دی وائر (ڈیجیٹل پورٹل)، این رام (دی ہندو) اور ڈاکٹر ابو صالح شریف کو پیش کر چکا ہے۔
مشاورت کے قومی صدر فیروز احمد ایڈوکیٹ نے اپنے پیشرو نوید حامد اور معروف صحافی و سماجی خدمت گار جان دیال کو اس باوقار ایورڈ کے لیے منتخب کیے جانے پر سلیکش کمیٹی کے ارکان اور ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ایم جی داؤد میاں خان کے لیے نیک خواہشات کے ساتھ انعام یافتگان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
1980ء کے اواخر سے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے لیے کام کرتے آئے، نوید حامد 23 جون 1963ء کو دہلی میں پیدا ہوئے اور وہ سیاسی و سماجی زندگی میں اس وقت سے سرگرم عمل ہیں جب دہلی یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔ 2016ء سے 2023 تک وہ مشاورت کے صدر رہے ہیں اور فی الحال نائب صدر ہیں۔ یو پی اے حکومت کے دور میں ان کا شمار ملک کے سب سے بااثر مسلم لیڈروں میں ہوتا تھا اور حکومت ہند نے ان کو مسلسل دو میعاد (2004۔ 2014) کے لیے قومی یکجہتی کونسل کا رکن مقرر کیا۔ ساؤتھ ایشین کونسل فار مائنارٹیز (ایس اے سی ایم) کے بانی سکریٹری اور موومنٹ فار امپاورمنٹ آف مسلم انڈینس (MOEMIN) کے قومی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے بھی انہوں نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ 2008ء میں نئی دہلی گلوبل مائنارٹیز میٹ کے موقع پر 18 ملکوں کے مندوبین کی موجوگی میں گلوبل مائنارٹیز فورم فار جسٹس اینڈ پیس کے جنرل سکریٹری منتخب کیے گئے تھے۔ 24-2023 میں انہوں نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت اور متعدد دلت، عیسائی اور دیگر مظلوم اقوام کی تنظیموں کو ساتھ لاکر ’وایلنس فری انڈیا‘ مہم منظم کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔