اے ایم یو: ’معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا کلیدی رول‘، ریفریشر کورس کی اختتامی تقریب سے رجسٹرار عاصم ظفر کا خطاب

پروفیسر عاصم ظفر نے کہا کہ ’’معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا ہمیشہ سےکلیدی رول رہا ہے۔ سماج میں طلبا و طالبات کی تعلیم و تربیت کے لیے ان کی ذمہ داریاں بہت بڑھ جاتی ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p> تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو کے رجسٹرار عاصم ظفر</p></div>
i

علی گڑھ: آج مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائےاردو اساتذہ  (سی پی ڈی یو ٹی، اردو اکادمی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ کے زیر اہتمام اردو اساتذہ کے لیےہفت روزہ ریفریشر کورس (5 تا13/اگست) کے اختتامی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سےعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فعال رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے شرکت کی اور مرکز پیشہ وارانہ فروغ برائے اردو اساتذہ کے ڈائریکٹر پروفیسر زبیر شاداب خان نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ ’جدید طریقہ تدریس‘ کے موضوع پر آراستہ ہفت روزہ ریفریشر کورس  کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عاصم ظفر نے کہا کہ ’’معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا ہمیشہ سےکلیدی رول رہا ہے۔ سماج میں طلبا و طالبات کی تعلیم و تربیت کے لیے ان کی ذمہ داریاں بہت بڑھ جاتی ہیں۔ ایک بہتر تعلیمی سماج کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ اس کے اساتذہ جدید طریقہ تدریس سے واقف ہوں اورمجھے خوشی ہے کہ اساتذہ نے اس ہفت روزہ تربیتی پروگرام سے استفادہ کیا۔‘‘

پروفیسر عاصم ظفر نے یہ بھی کہا کہ ’’علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے منسلک اسکولوں کی ایک الگ پہچان رہی ہے۔ اور یہاں کےاساتذہ  کا ہمیشہ سے ایک بلند معیار بھی رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان اسکولوں میں داخلہ ٹیسٹ کے لیے اسٹوڈنٹس کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ پروفیسر عاصم ظفر نے یہ بھی کہا کہ اے ایم یو کے مثالی اساتذہ نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔‘‘

اے ایم یو: ’معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا کلیدی رول‘، ریفریشر کورس کی اختتامی تقریب سے رجسٹرار عاصم ظفر کا خطاب

پروفیسر زبیر شاداب خان نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ’’استاذ کی بنیادی ذمے داری طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقّی میں نہ صرف کلیدی کردار ادا کر سکیں بلکہ ایک مہذب شہری ہونے کی حیثیت سے معاشرے کی بہتر تشکیل کے لیے ہمہ وقت عمل پیرا بھی رہیں۔‘‘  انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اردو کے اساتذہ ہر لحاظ سے دوسری ترقّی یافتہ زبانوں کے اساتذہ جیسے ہی ترقّی یافتہ ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس ریفریشر کورس کی اصل کامیابی یہ ہے کہ اردو کے اساتذہ جدید طریقہ تدریس سے مستفید ہوئے۔ ان کے مطابق درس وتدریس ایک مقدس پیشہ بھی ہے اور منصب بھی۔ آج اساتذہ کی سب سے بڑی ذمہ داری طلبا و طالبات کی بہتر تعلیم و تربیت ہے۔ ایک اعلی اور کامل استاذ کی پہچان بھی یہی ہے کہ وہ تندہی سے اپنی تدریسی خدمات کو انجام دے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر زبان میں قابل اساتذہ کی ضرورت ہے۔ محنت اور لگن سے ہی ایک استاذ فن تدریس میں کمال حاصل کر سکتا ہے اور نئی نسل کی بہتر طور پر آبیاری بھی ممکن ہے۔

ریفریشر کورس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مشتاق صدف نے  کہا کہ ’’تدریس کا پیشہ ایک چراغ کی مانند ہے جو عملی طور پر انسان کی تاریک راہوں کو روشن  کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے اس ہفت روزہ تربیتی پروگرام کی شاندار کامیابی پر ڈائریکٹر اردو اکادمی پروفیسر زبیر شاداب خان کی  خصوصی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے مہمان خصوصی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر اور تمام اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی تقریب میں سید حامد سینیئر سیکنڈری اسکول (بوائز) کے استاذ ڈاکٹر محمد معروف اور منٹو سرکل کی استانی محترمہ فوزیہ نگہت نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔


اس موقع پرمہمان خصوصی پروفیسر عاصم ظفر کے دست مبارک سے اساتذہ کو سرٹیفکیٹ اور بطور تحفہ اردو کی 2 کتابیں پیش کی گئیں۔ ریفریشر کورس میں متعدد ماہرین زبان و ادب نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے جن میں پروفیسر قاضی جمال حسین، پروفیسر غضنفر علی، پروفیسر نسرین، پروفیسر سراج اجملی، پروفیسر ارمان رسول فریدی، پروفیسر ساجد جمال، پروفیسر زبیر شاداب خان اور ڈاکٹر مسعود علی بیگ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

اختتامی اجلاس کا آغاز ڈاکٹر عرفان احمد کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جبکہ 'اے ایم یو گرلز اسکول'، 'راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول'، 'عبداللہ اسکول'، 'سینیئر سیکنڈری اسکول گرلز'، 'سید حامد سینیئر سیکنڈری اسکول(بوائز)'، 'اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز)'، 'ایس ٹی ایس اسکول (منٹو سرکل)'، 'اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز)'، 'اےایم یو سٹی گرلزہائی اسکول'، 'احمدی اسکول فار ویژولی چیلنجڈ' کے اساتذہ نے اس ریفریشر کورس میں حصہ لیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔