ویڈیو: ’ادب نامہ‘ میں شین کاف نظام کی شاعری کے فکری و موضوعاتی پہلوؤں پر گفتگو

معروف شاعر معین شاداب نے شین کاف نظام کی شاعری کو ہمہ جہت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کلام میں انسانی تجربات، تہذیبی شعور، عارفانہ رنگ اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کی بھرپور عکاسی ملتی ہے

معروف شاعر اور ادبی مبصر معین شاداب نے کہا ہے کہ ممتاز شاعر شین کاف نظام کی شاعری میں مشاہدے کی گہرائی، فکری معنویت اور موضوعات کا غیر معمولی تنوع پایا جاتا ہے۔ ان کے یہاں انسانی زندگی کے مختلف تجربات، تہذیبی شعور اور ماضی، حال و مستقبل کے درمیان ایک خوب صورت ہم آہنگی نظر آتی ہے۔

نیشنل ہیرالڈ، نوجیون اور قومی آواز کے مشترکہ ادبی پروگرام ’ادب نامہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے معین شاداب نے کہا کہ شین کاف نظام کے شعری موضوعات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ ان کی شاعری میں عاشقانہ اور عارفانہ دونوں رنگ موجود ہیں، تاہم عارفانہ رنگ زیادہ نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے غزل، نظم، دوہے اور دیگر اصناف میں بھی طبع آزمائی کی ہے۔

معین شاداب نے ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اصول پسند، خوددار اور سادہ مزاج انسان ہیں۔ انہوں نے کولکاتا کے ایک مشاعرے میں شرکت نہ کر پانے پر ہوائی ٹکٹ کی رقم منتظمین کو واپس بھیج دی تھی، حالانکہ اس کا مطالبہ نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شین کاف نظام کی شاعری انسانی وقار، احساس اور سماجی مسائل کو گہرائی سے پیش کرتی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔