پاکستان کو معاشی بحران سے نکالے گا سعودیہ، تین بلین ڈالرز قرض دینے پر راضی

سعودیہ نے پاکستان کو ایک سال کے لئے تین بلین ڈالرز دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ پاکستان کو درپیش معاشی بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ پاکستان کو درآمد شدہ تیل کی قیمت ادا کرنے میں بھی چھوٹ دی گئی ہے۔

سعودی عرب پاکستان کو تین بلین ڈالرز دے گا
سعودی عرب پاکستان کو تین بلین ڈالرز دے گا
user

ڈی. ڈبلیو

خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستانی حکومت کے حوالے بتایا ہے کہ ان سعودی اقدامات کا مقصد پاکستان کو کرنٹ اکاؤنٹس کے سلسلے میں درپیش مالی مشکلات سے نکلنے میں مدد دینا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے دوران یہ معاہدہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سعودی درالحکومت ریاض میں ہونے والی سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک ہیں۔

اس کانفرنس کا کئی عالمی رہنماؤں نے بائیکاٹ کیا ہے جس کی وجہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی استنبول میں سعودی سفارت خانے کے اندر ہونے والی ہلاکت ہے۔ سعودی حکومت کے ناقد جمال خاشقجی دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے۔

سعودی عرب نے حال میں یہ تسلیم کیا ہے کہ خاشقجی قونصل خانے میں ہونے والی لڑائی کے دوران مارے گئے تھے۔ تاہم ابھی تک اس بارے میں تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

روئٹرز کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، ’’اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ سعودی عرب تین بلین امریکی ڈالرز مالی ادائیگیوں میں توازن کے لیے مدد کے طور پر ایک سال کے لیے جمع کرائے گا۔‘‘ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ سعودی عرب تیل کی درآمدات کے مدد میں تین بلین امریکی ڈالرز کے برابر تک رقم کا ادھار کرے گا۔‘‘

پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ انتظام تین برس تک کے لیے موجود رہے گا تاہم اس کا دورانیہ بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔