پاکستان: پنجاب اسمبلی میں پھر چلے تھپڑ، ڈپٹی اسپیکر پر حملہ

پنجاب کا نیا وزیر اعلیٰ منتخب کرنے کے لیے جب ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مجری ایوان کی صدارت کرنے پہنچے تو پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی، ان پر تھپڑ بھی چلائے گئے اور بال بھی کھینچے گئے۔

پنجاب اسمبلی
پنجاب اسمبلی
user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں عمران خان کی حکومت چلی گئی ہے اور شہباز شریف برسراقتدار آ گئے ہیں۔ اس کے بعد بھی ملک میں حالات معمول پر دکھائی نہیں دے رہے۔ سیاسی اٹھا پٹخ جاری ہے اور پاکستانی پنجاب اسمبلی میں تو آج جس طرح تھپڑبازی ہوئی، اس نے ایک بار پھر ملک کو شرمسار کر دیا۔ ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی اس وقت جنگ کا اکھاڑا بن گئی جب عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کے لیڈروں نے ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مجری کو چوٹیں آئی ہیں، لیکن انھیں حفاظت کے ساتھ اسمبلی ہال سے نکال لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کا نیا وزیر اعلیٰ منتخب کرنے کے لیے جب ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مجری ایوان کی صدارت کرنے پہنچے تو پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی۔ ان پر تھپڑ بھی چلائے گئے اور بال بھی کھینچے گئے۔ خبریں یہ بھی سامنے آ رہی ہیں کہ کچھ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کی طرف لوٹے بھی پھینکے۔ اس دوران وہاں موجود سیکورٹی گارڈس نے کسی طرح ڈپٹی اسپیکر کو نکالا۔ ایک رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اپنے ساتھ ’لوٹا‘ لے کر آئے تھے اور ایوان میں پہنچتے ہی لوٹا-لوٹا چیخنے لگے۔ یہ ان لیڈروں پر حملہ تھا جنھوں نے عمران خان کی پارٹی چھوڑ کر اپوزیشن کی حمایت کی تھی۔


قابل ذکر ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پنجاب میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے مقصد سے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ مقابلہ حمزہ شہباز اور چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ہونا تھا۔ جس اجلاس میں نیا وزیر اعلیٰ منتخب کیا جانا تھا، اس کی صدارت دوست محمد مجری کر رہے تھے۔ تصور کیا جا رہا تھا کہ حمزہ شہباز اور پرویز الٰہی کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ حمزہ پی ایم ایل-این اور دیگر پارٹیوں کے امیدوار ہیں، جب کہ پی ایم ایل-کیو کے الٰہی کو عمران کی پارٹی پی ٹی آئی حمایت دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */