پاکستان ٹرین حادثہ: دیکھتے ہی دیکھتے جل کر خاک ہوگئیں 3 بوگیاں، درجنوں افراد جاں بحق

پاکستان کے ایک ریلوے افسر نے حادثہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین میں سوار کوئی مسافر اپنے ساتھ گیس سلنڈر لے کر چل رہا تھا جس میں دھماکہ ہونے کے بعد بوگی نے آگ پکڑ لی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں ایک انتہائی اندوہناک ٹرین حادثہ میں کم و بیش 65 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثہ جمعرات کی صبح پیش آیا جب کراچی سے راولپنڈی جا رہی کراچی-راولپنڈی تیز گام ایکسپریس میں دھماکہ ہوا اور پھر تین بوگیوں میں زبردست آگ لگ گئی۔ اس واقعہ کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں ٹرین کی بوگیاں آگ کی لپٹوں میں گھری ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ حادثہ میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

پاکستان کے ایک ریلوے افسر نے اس حادثہ کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ لیاقت پور کے شہری علاقے کے پاس پیسنجر ٹرین میں آگ لگ گئی۔ افسر نے کہا کہ ٹرین میں سوار کوئی مسافر اپنے ساتھ گیس سلنڈر لے کر چل رہا تھا جس میں دھماکہ ہونے کے بعد بوگی نے آگ پکڑ لی۔ خبروں کے مطابق دھماکہ کے وقت مسافر ٹرین میں ناشتہ بنا رہے تھے۔


اس وقت جائے وقوع پر بچاؤ اور راحت کاری کا کام جاری ہے۔ حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کو ملتان واقع بی وی ایچ، بہاولپور اور پاکستان-اٹالین ماڈرن برن سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ بہر حال، پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلنڈر میں دھماکہ کے بعد ٹرین کی دو اکونومی کلاس والی بوگیوں میں آگ لگ گئی۔ اس کے بعد اس آگ نے خطرناک شکل اختیار کر لیا۔ پھر یہ آگ بزنس کلاس بوگی تک پہنچ گئی۔ آگ لگنے کے بعد 3 مسافر اپنی جان بچانے کے لیے چلتی ٹرین سے کود گئےجنھیں بری طرح زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


پاکستان کے وزیر ریل شیخ رشید نے بھی اس حادثے کے تعلق سے میڈیا میں بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعرات کو کراچی سے راولپنڈی کی جانب جا رہی ٹرین کی بوگی میں صبح کچھ مسافر اپنے ناشتے کی تیاری کر رہے تھے۔ اسی دوران ٹرین میں موجود کسی گیس سلنڈر میں دھماکہ ہوا اور ٹرین میں آگ لگ گئی۔ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے لائن کو دو گھنٹے کے اندر دوبارہ ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے شروع کر دیا جائے گا۔ دوسری طرف پاکستانی پی ایم عمران خان نے حادثے پر اظہارِ غم کرتے ہوئےمہلوکین کے کنبہ کے تئیں اپنی ہمدردی ظاہر کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Oct 2019, 12:12 PM