پاکستان پر جمائما نے لگائے سنگین الزام، عمران خان کے بیٹوں کو اپنے والد سے ملنے نہیں دے رہی حکومت

جمائما خان کا کہنا ہے کہ عمران کے دونوں لڑکوں کو اپنے والد سے فون پر بات کرنے یا انہیں خط بھیجنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور 2022 کے بعد سے جب وہ ایک قاتلانہ حملے میں بچ گئے تھے، انہیں نہیں دیکھا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>عمران خان اور جمائما خان / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور اپوزیشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ دراصل جمائما کے دو بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان دو ماہ سے زائد عرصہ قبل درخواست دینے کے باوجود اپنے والد عمران خان سے ملنے کے لیے ویزا نہیں لے پارہے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تفصیلی پوسٹ میں جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹوں نے جنوری میں ویزا کی درخواستیں جمع کی تھی، اس کے باوجود پاکستان قونصلیٹ نے ان پر کارروائی نہیں کی جبکہ آن لائن ویزٓ کے لیے آفیشل ٹائم لائن 7 سے 10 کام کے دن بتائی گئی ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ یہ تاخیر خاص طور پر پریشان کرنے والی تھی کیونکہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اعظم کے ترجمان مشرف زیدی دونوں نے عالمی میڈیا کوعوامی طور پر یقین دلایا تھا کہ عمران خان کے بیٹے 4 سال بعد بحفاظت پاکستان واپس جاسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لڑکوں کو اپنے والد سے فون پر بات کرنے یا انہیں خط بھیجنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور 2022 کے بعد سے جب وہ ایک قاتلانہ حملے میں بچ گئے تھے، انہیں نہیں دیکھا ہے۔


گولڈ اسمتھ نے اپنی اپیل میں کہا کہ عمران خان کی بگڑتی ہوئی صحت کی اطلاعات نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ انہیں ’ جتنی جلدی ہوسکے‘ پی ٹی آئی کے سربراہ سے ملاقات کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کی طویل خاموشی نے خاندان کو بے یقینی کی کیفیت میں ڈال دیا ہے جبکہ بار بار یقین دہانی کرائی گئی تھی عمران خان کے بیٹوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی۔

اس مسئلے نے عمران خان کے حامیوں اور انسانی حقوق کے گروپوں کے درمیان ان کی حراست کی شرائط اور ان کے خاندان اور قانونی ٹیم کے ساتھ بات چیت پر لگائی گئی پابندیوں کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات کو مزید ہوا دی ہے۔ عمران خان 2023 سے جیل میں ہیں۔ انہیں بدعنوانی اور خفیہ دستاویزات کو سنبھالنے سمیت کئی مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے۔ ان کی جماعت ’پی ٹی آئی‘ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ یہ مقدمات سیاسے سے متاثر ہیں اور ان کا مقصد خان کو سیاسی منظر سے ہٹانا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔