جماعت الدعوۃ کے سرغنہ حافظ سعید کو پاکستانی عدالت سے 31 سال قید کی سزا
کالعدم تنظیم جماعت دعوۃ کے سرغنہ حافظ سعید کو پاکستان کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 سال قید کی سزا سنائی ہے، عدالت نے اسی کے ساتھ 3.40 لاکھ کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے

اسلام آباد: کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو دو مقدمات میں مجموعی طور پر 31 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے اس کے علاوہ حافظ پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے اور اس کی جائیداد ضبطی کا بھی حکم سنایا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق مطابق حافظ سعید کو سزا لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے سنائی ہے۔
خیال رہے حافظ سعید کو اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔ وہیں امریکہ نے اس کے سر پر 10 ملین امریکی ڈالر کا انعام رکھا ہوا ہے۔ حافظ سعید ممبئی میں سال 2008 میں ہونے والے دہشت گرد حملہ کا مطلوبہ ملزم ہے، اس حملہ میں تقریباً 161 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
سماعت پر گواہوں کے بیانات ریکارڈ اور جرح کا عمل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا گیا ہے، جس کے بعد حافظ سعید کو ایک مقدمہ میں ساڑھے سولہ سال اور دوسرے مقدمہ میں ساڑھے پندرہ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ سی ٹی ڈی کی طرف سے حافظ محمد سعید پر فنڈز اکٹھے کر کے جس مسجد و مدرسہ کی تعمیر کا الزام عائد کیا گیا تھا عدالت نے اسے بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے۔
جماعت الدعوۃ کا سربراہ حافظ سعید جولائی 2019 سے گرفتار ہے اور اس کے خلاف اب تک سات مقدمات کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔ حافظ سعید و دیگر رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات میں فنڈز اکٹھے کر کے مساجد و مدارس تعمیر کرنے جیسے الزامات ہیں۔ پاکستان کی انسداد دہشت گردی عدالت سے حافظ سعید کو دیگر 5 معاملوں میں بھی 36 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ حافظ سعید کو مجموعی طور پر 68 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے تاہم یہ تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی، لہذا اسے کم وقت کے لئے ہی جیل میں قید رہنا پڑے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
