’ہندوستان کے 4 باندھ ہمارے لیے ڈیتھ وارنٹ‘، گھبرائے نظر آ رہے پاکستانی واٹر ایکسپرٹ راشد عباسی
عباسی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چناب ندی پر ہندوستان کے ذریعہ تیار کیے جا رہے 4 باندھوں سے پاکستانی پنجاب میں کسانوں کی فصلیں برباد ہو سکتی ہیں۔ ایسا ہوا تو پاکستان کو سالانہ 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا۔

ہندوستان کے ذریعہ سندھ آبی معاہدہ کو معطل کرنے کے بعد سے ہی پاکستان مسلسل اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہا ہے۔ اس درمیان پاکستانی واٹر ایکسپرٹ راشد عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ چناب ندی پر ہندوستان 4 نئے باندھ (ڈیم) بنا رہا ہے اور یہ پاکستان کے لیے ’ڈیتھ وارنٹ‘ ثابت ہو سکتا ہے۔
راشد عباسی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے پاکستان کے پنجاب میں کسانوں کی فصلیں برباد ہو سکتی ہیں اور ایسا ہوا تو پاکستان کو سالانہ 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا۔ اس کے بعد راشد عباسی نے ہندوستان کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں کیس کرنے کی دھمکی بھی دی۔ دھیان دینے والی بات یہ ہے کہ پاکستان پہلے ہی سندھ آبی معاہدہ کے مسئلے کو دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر اٹھا چکا ہے۔
پاکستانی آبی ماہر نے ایک ٹی وی مباحثے میں ہندوستانی سرگرمیوں سے متعلق اپنے خدشات ظاہر کیے۔ انھوں نے کہا کہ سب سے خطرناک خبر یہ ہے کہ آپ نے سنا ہوگا ہم غیر جانب دار ماہرین کے پاس گئے ہیں اور وہ 4 بڑے ڈیم بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بگلیہار ڈیم 450 میگاواٹ کا ہے۔ فرض کریں کہ پاکل دل ڈیم 1000 میگاواٹ کا بن رہا ہے۔ ریٹل 850 میگاواٹ کا ہے۔ ایک کشتواڑ ڈیم بھی ہے۔
اس کے بعد عباسی نے کہا کہ میں ایک ہفتہ انتظار کروں گا، اس کے بعد میں شاید اپنی ذاتی حیثیت سے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ جاؤں گا، کیونکہ کسی کو نقصان پہنچانے کے لیے ڈیم میں چھیڑ چھاڑ کرنا بالکل بھی قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم نے ابھی سرگرمی کے ساتھ قدم نہیں اٹھایا تو پاکستان کو اس سے نقصان ہو سکتا ہے۔ اگر نقصان کی بات کریں تو میری رائے میں انہوں نے پرتاپ اور رنبیر نہر میں 10 لاکھ سے 15 لاکھ ایکڑ فٹ پانی موڑ دیا ہے۔ اس کی اقتصادی قیمت 2 ارب ڈالر سے کم نہیں ہے، جس کا نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
راشد عباسی کا کہنا ہے کہ جب سے ہندوستان نے یہ سب شروع کیا ہے، پاکستان نقصان اٹھا رہا ہے، لیکن یہاں کون پہل کرے گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دماغ کی لڑائی ہے۔ یہاں نہ ٹینک، نہ ڈرون اور نہ ہی طیارے کام آئیں گے۔ ہمارے پاس اسے بچانے کے لیے کتنا دم خم اور عقل ہے، کیونکہ یہ ہمارے لیے موت کی سزا جیسا ہوگا، یہ ہمارے لیے موت ہوگی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
