پاکستان ضمنی انتخابات: صوبائی اسمبلی میں نواز، تو قومی اسمبلی میں عمران کو برتری

پاکستان میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف نے 4 جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں قومی اسمبلی کی گیارہ نشستوں اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے 24 نشستوں کے لئے اتوار کے روز انتخابات ہوئے تھے ، جو غیر سرکاری نتائج سامنے آئے ہیں اس کے مطابق 11نشستوں میں سے 10قومی اسمبلی کی نشستوں کے نتائج غیر سرکاری طور پر اعلان کر دیئے گئے ہیں ، جن میں عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف پارٹی کو 4، نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کو3 ، مسلم لیگ (ق) کو 2 اور متحدہ مجلس عمل کو ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

واضح رہے پاکستان میں جولائی ماہ میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ہوئی تھی۔

لاہور این اے 124 سے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نواز کے رہنما شاہد خاقان عباسی جیتے ہیں جبکہ لاہور این اے 131 سے مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے ہمایوں اختر کو 10 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ہے۔

نواز شریف کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا کیونکہ ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں تھا 
نواز شریف کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا کیونکہ ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں تھا 

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں 9نشستوں پر ووٹنگ ہوئی جن میں سے 6 نشستیں پاکستان تحریک انصاف جبکہ 2نشستیں عوامی نیشنل پارٹی اور ایک نشست پاکستان مسلم لیگ نواز نے حاصل کی ہے۔

پنجاب میں 15 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں سے 6 نشستیں مسلم لیگ نواز، 5 پاکستان تحریک انصاف جبکہ دو آزاد امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے۔

ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کل شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ان انتخابات میں پہلی مرتبہ دوسرے ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا۔یہ وہ نشستیں ہیں جن پر مختلف وجوہات کی بنا پر انتخابات ملتوی ہوئے یا پھر ایک سے زائد نشستوں سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو نشست چھوڑنا پڑیں۔

قومی اسمبلی کی جن 11 نشستوں پر اتوار کو ووٹنگ ہوئی ان میں سے چار نشستیں وہ ہیں جو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چھوڑی تھیں۔

اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر نظر ڈالی جائے تو پنجاب اسمبلی کی 11، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 9، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے 2، 2 حلقوں میں آج ووٹنگ ہو گی اور کوئی 6سو سے زائد امیدوار مدمقابل ہوں گے۔

ان قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں کل ووٹروں کی تعداد 7ہزار 4 سو 89 ہے جن میں رجسٹر ڈ ووٹرز کی تعداد 92 لاکھ 83 ہزار سے زائد ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔