پاکستان میں نگران وزیراعظم کیلئے پانچ نام شارٹ لسٹ کرلیےگئے: خواجہ آصف

پاکستان  پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے پانچ نام ان سے شیئر کرلیے گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

پاکستانی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے پانچ ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔ دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہےکہ نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے سیاستدان کو منتخب کیا جائے گا جس کے لیے 5 نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے ہیں۔

واضح رہےخواجہ آصف نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہیں کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے مل کر اس حوالے سے 4 سے 5 نام شارٹ لسٹ کرلیے ہیں جب کہ نگران ویراعظم کے لیے کوئی ایک نام ایک ہفتے میں فائنل کرلیا جائے گا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے پانچ نام ان سے شیئر کرلیے گئے ہیں۔


خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اتحادی جماعتیں مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گی، میرے نزدیک ہمارے لیے بہتر ہےکہ الیکشن 90 روز میں ہوجانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی  ذاتی رائے ہے کہ الیکشن 90 روز میں ہوں، میرے خیال سے اسمبلیاں مدت پورے ہونے سے دو روز قبل تحلیل کردی جائیں ۔

وزیردفاع نے ایک بار پھر واضح کیا کہ نگران وزیراعظم کے لیے اسحاق ڈار کا نام تجویز نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی انہوں نے خود ایسی کوئی خواہش ظاہر کی ہے، اسحاق ڈار نے کسی بھی فورم پر ایسا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ نگران وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں۔


رواں ہفتے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ مسلم لیگ (ن) نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم لیگی قیادت نے ان خبروں کی تردید کردی تھی جب کہ ڈار کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی خبروں پر پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی اعتراضات سامنے آئے تھے۔

نگران وزیراعظم کے حوالے سے جمعہ کے روز جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نگران وزیراعظم کے معاملے پر حتمی فیصلہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے بعد کریں گے۔علاوہ ازیں اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی بھی وزیراعظم سے جلد ملاقات کا امکان ہے۔


راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم کے لیے پہلے اسحاق ڈار کے نام کی مخالفت کی تھی تاہم بعد میں اس کی حمایت بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اگراسحاق ڈار نگران وزیراعظم کی دوڑ میں شامل ہونگے تو انہیں پارٹی اور اپنی سینیٹ کی سیٹ چھوڑنا پڑے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔