پاکستان: نگراں وزیر اعظم کے زیر نگرانی ہوں گے عام انتخابات

پاکستانی صدر کی جانب سے ایوان زیریں تحلیل کیے جانے کے بعد ملک کے سابق چیف جسٹس ناصرالملک نے بطور نگراں وزیر اعظم حلف لیا ہے۔ ناصرالملک آئندہ عام انتخابات تک نگراں سربراہ حکومت رہیں گے۔

ناصرالملک نے بطور نگراں وزیر اعظم حلف اٹھا لیا، تصویر سوشل میڈیا
ناصرالملک نے بطور نگراں وزیر اعظم حلف اٹھا لیا، تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

پاکستان کی تاریخ میں صرف تیسری مرتبہ قومی اسمبلی نے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کی ہے۔ ملک کے ساتویں نگران وزیر اعظم ناصرالملک پاکستانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں اور وہ ’جمہوری اداروں کے محافظ‘ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ آئندہ قومی انتخابات اگلے ماہ یعنی جولائی کی 25 تاریخ کو ہوں گے اور نئی جمہوری طور پر منتخب حکومت کے اقتدار میں آنے تک ناصرالملک نگراں وزیر اعظم کی حیثیت سے حکومت چلائیں گے۔

ان کی حلف برداری تقریب جمعہ یعنی یکم جون کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی سیاسی رہنماؤں کے علاوہ فوجی قیادت بھی شریک ہوئی۔

اس سے قبل نصف شب کے وقت شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ عباسی گزشتہ برس جولائی میں اس وقت وزیر اعظم بنے تھے، جب ملکی سپریم کورٹ نے اس وقت کے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک اثاثوں سے متعلق ایک مقدمے میں وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے نا اہل قرار دے دیا تھا۔

نواز شریف اپنی نا اہلی کے فیصلے کا الزام ملک کی طاقت ور اسٹیبلشمنٹ پر عائد کرتے ہیں۔ نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے باوجود ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بہتر کارکردگی دکھانے کی امید میں ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کی بطور نگراں وزیر اعظم تعیناتی کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور اپوزیشن کے مابین اتفاق رائے سے طے پایا تھا۔ ملکی آئین کے مطابق نگران حکومت کو ساٹھ روز کے اندر اندر انتخابات کرانے پڑتے ہیں۔

دوسری جانب رواں ہفتے اتوار کے روز سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانا شروع کر دیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 جون ہے۔

عمران خان سمیت ملک کے تمام اہم سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں نے ناصرالملک کی بطور نگران سربراہ حکومت تقرری کا خیر مقدم کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jun 2018, 9:33 AM
/* */