پاکستان: سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ، مارچ کے دوران وزیر آباد میں کی گئی فائرنگ

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے، جب کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔

عمران خان
عمران خان
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور ملک کے سابق وزیر اعظم عمران خان پر ان کے حقیقی مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ لانگ مارچ کے کنٹینر پر کئے گئے اس حملہ میں عمران خان سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق موقع پر موجود سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حقیقی مارچ وزیر آباد میں داخل ہو رہا تھا۔ فائرنگ کے بعد مارچ میں بھگدڑ مچ گئی۔ کنٹینر پر موجود پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت ہر کوئی گھبرا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق، فائرنگ کے وقت قافلہ ظفرعلی خان چوک کے قریب پہنچ چکا تھا۔


حقیقی مارچ کے دوران جیسے ہی فائرنگ شروع ہوئی سیکورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے لیا اور بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کر دی، تاہم چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے، جب کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل جاوید کو گولی لگی ہے اور احمد چٹھہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ فائرنگ سے مجموعی طور پر 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ عمران خان کی بائیں ٹانگ میں 3 گولیاں لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ مارا پھر ایک گولی چلائی۔ حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔