وائٹ ہاؤس کو ملی نئی پریس سکریٹری، کیٹی زکریا کو ڈونالڈ ٹرمپ نے سونپی ذمہ داری

کیٹی زکریا ٹرمپ کی میڈیا کمپنی ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں مشیر رہ چکی ہیں۔ یہ کمپنی ’ٹروتھ سوشل‘ نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم چلاتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر (ویڈیو گریب)</p></div>
i

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سکریٹری بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کیرولین لیوٹ کی جگہ لیں گی۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر اس کی اطلاع دی۔ زکریا پہلے سے ہی ٹرمپ کی میڈیا کمپنی سے وابستہ ہیں۔ ٹرمپ نے زکریا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شروع  سے ہی ان کی وفادار اور قابل حامی رہی ہیں۔ زکریا کو یہ ذمہ داری ایسے وقت میں سونپی گئی ہے جب کیرولین لیوٹ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل وائٹ ہاؤس چھوڑ چکی ہیں۔

کیٹی زکریا ٹرمپ کی میڈیا کمپنی ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں مشیر رہ چکی ہیں۔ یہ کمپنی ’ٹروتھ سوشل‘ نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم چلاتی ہے۔ زکریا امریکی سیاست پر بھی اپنی رائے دیتی رہی ہیں۔ وہ فاکس نیوز اور نیوز میکس جیسے بڑے امریکی نیوز چینلوں میں کام کر چکی ہیں۔ رواں سال انہوں نے کچھ عرصے کے لیے امریکہ کے محکمہ داخلی سلامتی میں ترجمان کے طور پر بھی کام کیا تھا۔


ٹرمپ کے مطابق زکریا ان کی صدارتی انتخابی مہم میں بھی شامل رہی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر ان ریاستوں میں کام کیا جہاں ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹیوں کے درمیان سخت انتخابی مقابلہ ہوتا ہے۔ ایسی ریاستوں کو سوئنگ اسٹیٹس کہا جاتا ہے۔ زکریا کی لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق انہوں نے امریکہ کی پیپرڈائن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کیرولین لیوٹ جنوری 2025 میں وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری بنی تھیں۔ اس سے قبل وہ 2024 کے صدارتی انتخاب میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کی قومی پریس سکریٹری تھیں۔ لیوٹ نے 12 اگست کو عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور 27 اگست کو وائٹ ہاؤس سے رخصت ہو گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں، اسی لیے انہوں نے ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ اب لیوٹ یکم نومبر سے امریکی نیوز چینل فاکس نیوز میں کام کریں گی۔ وہاں وہ ٹی وی پروگراموں میں سیاسی معاملات پر اپنی رائے دیں گی۔ واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کا کام صدر اور حکومت کے فیصلوں کی معلومات میڈیا کو دینا اور صحافیوں کے سوالوں کا جواب دینا ہوتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔