تجارتی جنگ کی سرگوشی، امریکہ نے ہندوستان سمیت 7 ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویز رکھی!
نئی تجاویز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی اس حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کے ذریعہ وہ ڈیوٹی عائد کر کے عالمی تجارتی تعلقات کو نئے سرے سے تشکیل دینا چاہتے ہیں۔

امریکی تجارتی نمائندہ کے دفتر (یو ایس ٹی آر) نے ہندوستان سمیت کئی ممالک سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر نئے ٹیرف عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ ڈیوٹی کی شرحوں میں ہندوستان، کمبوڈیا، انڈونیشیا، جنوبی کوریا، ملیشیا، تائیوان اور تھائی لینڈ پر 25 فیصد تک ٹیرف شامل ہے۔ دوسری طرف چین سے درآمدات پر 40 فیصد تک ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یو ایس ٹی آر کے سرکاری بیان کے مطابق امریکہ نے مختلف ممالک کے لیے ٹیرف کی شرحیں مقرر کرنے کی تجویز رکھی ہے۔ اس کے تحت بنگلہ دیش، یوروپی یونین (ای یو)، جاپان، سوئٹزرلینڈ اور سنگاپور پر 20 فیصد تک ڈیوٹی عائد کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ ویتنام پر 35 فیصد تک ٹیرف لگانے کی تجویز ہے۔
مجوزہ ڈیوٹی امریکہ کی اس تجارتی تحقیقات کا حصہ ہے، جس میں ہندوستان، چین، یوروپی یونین اور جاپان سمیت 14 معیشتیں شامل ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق ایک سینئر امریکی افسر نے بتایا کہ کئی ممالک کے لیے یہ ڈیوٹی 20 فیصد تک ہو سکتی ہے۔ واشنگٹن کا الزام ہے کہ یہ ممالک اپنی پیداواری صلاحیت اور پیداوار کو بازار کی طلب سے کہیں زیادہ بڑھا رہے ہیں۔
یہ نئی تجاویز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی اس حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کے ذریعہ وہ ڈیوٹی عائد کر کے عالمی تجارتی تعلقات کو نئے سرے سے تشکیل دینا چاہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ اپنے تجارتی شراکت داروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ یا تو امریکی مصنوعات کی خریداری میں اضافہ کریں یا پھر اپنی پیداوار امریکہ منتقل کریں۔
یہ مجوزہ ڈیوٹی امریکہ کی جانب سے اپنے تجارتی شراکت داروں کی مبینہ طور پر ضرورت سے زیادہ صنعتی صلاحیت اور پیداواری طریقۂ کار کے سلسلے میں کئی ماہ تک کی گئی تحقیقات کے بعد سامنے آئی ہیں۔ اس تحقیقات کے دائرے میں ہندوستان کے علاوہ بنگلہ دیش، کمبوڈیا، چین، انڈونیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، ملیشیا، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تھائی لینڈ، ویتنام اور یوروپی یونین کی معیشتیں شامل ہیں۔ امریکی افسر نے بتایا کہ چین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویز ہے، جو اس اعلان میں بتائی گئی شرحوں میں ’سب سے زیادہ شرحوں‘ میں سے ایک ہے۔ ان مجوزہ ڈیوٹیوں کو نافذ کرنے سے پہلے ان پر عوامی مشورہ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ افسر نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے ان تجاویز کو تیار کرتے وقت موجودہ تجارتی معاہدوں کو بھی مدنظر رکھا ہے۔
