بنگلہ دیش میں تشدد پھر بے قابو، محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش، بم دھماکوں سے گونج اٹھے 28 اضلاع
تشدد کے پیش نظر پولیس نے ڈھاکہ میں سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ اہم فلائی اوورز پر اضافی جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں آنے جانے والے راستوں پر گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔

بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے درمیان تشدد میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ راجدھانی ڈھاکہ میں کئی مقامات پر دیسی بم پھوڑے گئے اور چٹگاؤں میں عبوری حکومت کے سابق سربراہ محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق ان واقعات میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تشدد سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ کی جانب سے ملک گیر لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد ہوا۔ عوامی لیگ نے 19 نومبر کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے بعد سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، لیکن حالات فکر انگیز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد نے چٹگاؤں کے پنچلائش علاقہ میں محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش کے کئی علاقوں میں گرامین بینک کی شاخوں کو بھی آگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس درمیان ڈھاکہ میں وزیر اعظم طارق رحمان کی پارٹی بی این پی کے کارکنوں پر عوامی لیگ کے 2 لیڈران کے گھروں پر حملہ کرنے اور انہیں آگ لگانے کا الزام ہے۔ تشدد کے پیش نظر پولیس نے ڈھاکہ میں سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ اہم فلائی اوورز پر اضافی جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں آنے جانے والے راستوں پر گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ موٹر سائیکل سواروں اور مشتبہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عوامی لیگ، جس پر فی الحال پابندی عائد ہے، نے جمعرات کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ یہ تاریخ گزشتہ سال اس خصوصی عدالت کے فیصلے کی برسی ہے، جس میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔ 79 سالہ حسینہ 5 اگست 2024 کو طلبا تحریک کے بعد اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے ہندوستان میں رہ رہی ہیں۔ بنگلہ دیشی حکومت ہندوستان سے انہیں واپس بھیجنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن سے پہلے ڈھاکہ میں پولیس نے 24 گھنٹے کی مہم چلا کر 565 افراد کو گرفتار کیا۔ ان میں حسینہ حکومت میں وزیر تعلیم رہے نور الاسلام ناہید بھی شامل ہیں۔ انہیں بدھ کی آدھی رات کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔ وزیر اعظم طارق رحمان نے عوامی لیگ کی واپسی روکنے کے لیے تمام جمہوری پارٹیوں سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ اس دوران نرائل میں بی این پی کی ریلی پر حملے میں 2 مقامی لیڈران کی موت ہو گئی۔ فریدپور اور پیروج پور میں بھی بی این پی کے ایک لیڈر اور ایک بس ملازم کی جان چلی گئی۔ گزشتہ 2 دنوں میں کم از کم بی این پی کے 2 دفاتر اور ایک لیڈر کے گھر کو آگ لگائی گئی۔ اس کے علاوہ عوامی لیگ کے 2 دفاتر اور پابندی کا سامنا کر رہی عوامی لیگ کے لیڈران کی 5 جائیدادوں میں بھی آگ لگا دی گئی۔
بہرحال، تازہ تشدد کا واقعہ انتہائی تشویش ناک حالات پیدا کر چکا ہے۔ ملک کے 64 میں سے 28 اضلاع میں درجنوں دیسی بم پھوڑے گئے اور گاڑیوں کو آگ کے حوالے کیا گیا۔ حکومت نے حساس علاقوں میں بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کے ہزاروں جوان تعینات کیے ہیں۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ آڈیو اور ویڈیو ثبوتوں کی بنیاد پر تشدد کرنے والوں کی شناخت کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
