امریکہ نے 1.75 لاکھ سے زیادہ ویزے کیے منسوخ، امریکی محکمہ خارجہ کا انکشاف
وزارت خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دور حکومت میں امریکہ کے محکمہ خارجہ نے ایسے غیر ملکی شہریوں کے 1,75,000 سے زیادہ ویزے منسوخ کیے ہیں، جنہوں نے اپنے ویزے کی شرائط کی خلاف ورزی کی

امریکہ نے پیر کو اعلان کیا کہ اس نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں لاپروائی سے گاڑی چلانے سے لے کر جنسی ہراسانی تک مختلف قسم کے جرائم کے باعث 1.75 لاکھ سے زیادہ ویزے منسوخ کیے ہیں۔ امریکہ کے محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ویزے مسلسل کی جانے والی جانچ کے تحت منسوخ کیے گئے، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ویزا حاصل کرنے والے لوگ اس کی شرائط کی پابندی کریں اور امریکیوں کے لیے خطرہ نہ بنیں۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دور حکومت میں امریکہ کے محکمہ خارجہ نے ایسے غیر ملکی شہریوں کے 1,75,000 سے زیادہ ویزے منسوخ کیے ہیں، جنہوں نے اپنے ویزے کی شرائط کی خلاف ورزی کی، جرائم کیے، امریکی شہریوں کے خلاف تشدد کی اپیل کی، امریکیوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی، امیگریشن نظام کا غلط استعمال کیا یا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی ویزا حق نہیں بلکہ استحقاق ہے۔ محکمہ ان لوگوں سے اپنی برادریوں کی حفاظت کے لیے دستیاب ہر قدم استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے، جو اس کا غلط استعمال کرتے ہیں۔
امریکہ کے محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جانچ کے عمل کے تحت کی گئی، تاکہ ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یا امریکی شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے لوگوں کو روکا جا سکے۔ تاہم، ابھی ایجنسی نے اعداد و شمار کی فوری تفصیلات دستیاب نہیں کرائی ہیں۔ محکمہ خارجہ نے کہا کہ بیشتر ویزے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے کی گئی کارروائیوں، جیسے حملہ، نشے میں گاڑی چلانے اور مالی دھوکہ دہی کے باعث منسوخ کیے گئے۔ ان میں نابالغوں کے جنسی استحصال اور عصمت دری جیسے سنگین معاملات کے ملزم بھی شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
