امریکہ اور روس ’اے آئی‘ ہتھیاروں پر ضابطہ بنانے کے خلاف، 128 ممالک کریں گے تبادلۂ خیال
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت سے تیار اسلحہ معاملہ پر پیر سے سوئٹزرلینڈ کے جنیوا میں اقوام متحدہ کی میٹنگ کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس میٹنگ میں 128 ممالک شامل ہو رہے ہیں۔

دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال اب ہتھیاروں میں بھی بڑھنے لگا ہے۔ اے آئی ہتھیار انسانوں کے حکم کے بغیر ہی دشمن کی شناخت کر کے حملہ کر سکتے ہیں۔ ان پر قابو پانے کے لیے اقوام متحدہ میں بین الاقوامی قوانین بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ حالانکہ امریکہ اور روس اس کی مخالفت کر رہے ہیں، اور اسرائیل بھی ایسے ضابطوں کے خلاف ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس مسئلے پر پیر سے سوئٹزرلینڈ کے جنیوا میں اقوام متحدہ کی میٹنگ کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس میٹنگ میں 128 ممالک شامل ہو رہے ہیں۔ میٹنگ میں اس پہلو پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا کہ ان ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی لگانے یا انہیں قابو میں رکھنے کے لیے قانونی معاہدہ کیا جائے یا نہیں۔
ان ہتھیاروں کو ’لیتھل آٹونومس ویپن سسٹم‘ (ایل اے ڈبلیو ایس) کہا جاتا ہے۔ ان میں ڈرون، روبوٹ، ٹینک اور آبدوز شامل ہیں۔ یہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے خود ہی اپنے ہدف کی شناخت کر کے حملہ کر سکتے ہیں۔ یوکرین، سوڈان اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات میں اے آئی سے چلنے والے بعض ہتھیاروں کا استعمال بھی ہو چکا ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ جنگ سے متعلق قوانین پہلے ہی بین الاقوامی قوانین میں موجود ہیں، اس لیے نئے قوانین بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بجائے ان ہتھیاروں کے استعمال کے لیے کچھ رہنما اصول وضع کیے جانے چاہئیں۔ امریکہ نے قانونی طور پر پابند نہ ہونے والے معاہدے پر مذاکرات کے لیے 5 برس کا وقت دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
روس نے میٹنگ سے قبل اپنا موقف ظاہر نہیں کیا ہے، لیکن وہ ماضی میں بھی ایسے قانونی معاہدوں کی مخالفت کرتا رہا ہے۔ ایک مغربی سفارت کار کے مطابق روس میٹنگ میں یورپی یونین (ای یو) کو اپنا موقف پیش کرنے سے روکنے کی کوشش کرے گا۔ امریکہ اور روس نے ستمبر میں بھی ان ہتھیاروں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق تیار کی گئی ایک تجویز کو کمزور کرنے کی کوشش کی تھی۔ ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی قانون ان ہتھیاروں سے وابستہ خطرات کو روکنے کے لیے کافی نہیں ہے۔ اقوام متحدہ، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور پوپ بھی ان خطرات کے حوالے سے وارننگ دے چکے ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ کی ویرٹی کوائل کا کہنا ہے کہ مشینوں کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ملنا چاہئے کہ جنگ میں کون جیے گا اور کون مرے گا۔ فیوچر آف لائف انسٹی ٹیوٹ کی انا ہیئر نے کہا کہ ایسے ہتھیار اب صرف تخیلات کا حصہ نہیں ہیں۔ ان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے انسانی جانیں جا سکتی ہیں۔ میٹنگ کے صدر نے قانونی معاہدے پر تبادلۂ خیال کے لیے 2 برس کا وقت دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ برطانیہ، جرمنی اور فرانس بھی معاہدے پر تبادلۂ خیال کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس کی قانونی ذمہ داری کا فیصلہ بعد میں کرنا چاہتے ہیں۔ سفارت کاروں کو امید ہے کہ ہفتہ کے اختتام تک اس مسئلے پر تبادلۂ خیال کا راستہ نکل سکتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
