اقوام متحدہ کی امریکہ اور ایران سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی اپیل

18 جون کو امریکہ اور ایران نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک کو حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے 60 دن کے اندر مذاکرات کرنے تھے۔

انتونیو گوٹیرس، تصویر آئی اے این ایس
i

اقوام متحدہ کی جانب سے امریکہ اور ایران سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا کہ سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے امریکہ اور ایران سے سفارت کاری کے ذریعے تنازعہ ختم کرنے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ جنگ کے 6 ماہ مکمل ہونے کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان تعطل کے شکار مذاکرات کے بارے میں سکریٹری جنرل کی رائے پوچھے جانے پر ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ ’’یہ جاری تنازعہ کے 6 ماہ مکمل ہونے کا ایک افسوس ناک مرحلہ ہے۔ ہم ایک بار پھر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اس کا واحد حل سفارتی حل ہے۔ اور ہم امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران، دونوں سے بامعنی مذاکرات کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔‘‘

خبر رساں ایجنسی ’سنہوا‘ کی رپورٹ کے مطابق دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ قطر، پاکستان، مصر، سعودی عرب اور کویت کی ثالثی کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور سکریٹری جنرل ان کے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بات واضح ہے اور سکریٹری جنرل کے لیے باعث تشویش بنی ہوئی ہے، وہ اس تنازعہ کے تباہ کن انسانی اور معاشی نتائج ہیں، جن میں غذائی رسد پر عالمی معاشی اثرات، انسانی امدادی سامان کا نہ پہنچ پانا، کھاد کی محدود دستیابی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہیں۔


اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ اس تنازعہ کے لیے سکریٹری جنرل کے ذاتی ایلچی جین ارنالٹ فریقین اور ثالثوں کی مدد کرنے اور ایک پائیدار حل تک پہنچنے کے لیے دستیاب ہیں اور ان کے رابطے میں ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف فوجی حملے شروع کیے تھے۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیج میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ آبنائے ہرمز بڑی حد تک بند ہو گئی، جس سے تیل اور دیگر اشیاء کی نقل و حرکت میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔ 18 جون کو امریکہ اور ایران نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک کو حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے 60 دن کے اندر مذاکرات کرنے تھے۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے بعد مذاکرات کا مستقبل غیر یقینی بنا ہوا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔