امریکہ میں دو ارکان پارلیمنٹ کو گھروں کے اندر گولی ماری، خاتون رکن پارلیمنٹ اور ان کے شوہر کا قتل
مینیسوٹا میں عوامی نمائندوں پر ان کے گھروں میں حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں ایک خاتون ریاستی نمائندہ اور اس کے شوہر کی موت ہو گئی۔ اسے ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس
مینیسوٹا، امریکہ میں دو عوامی نمائندوں، ریاستی سینیٹر جان ہافمین اور ریاستی نمائندہ میلیسا ہارٹ مین پر ان کی رہائش گاہ میں حملہ کیا گیا ہے۔ مقامی حکام نے اسے ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا ہے، اس حملے میں جان ہافمین زخمی ہوئے ہیں، جب کہ اس حملے میں میلیسا ہارٹ مین اور ان کے شوہر کی موت ہوگئی۔ کہا جا رہا ہے کہ ملزمان سے برآمد ہونے والے دستاویزات میں 70 نام شامل ہیں، جن پر ٹارگٹ حملے کیے جا سکتے تھے۔
یہ فائرنگ منیاپولس کے مضافاتی علاقوں چیمپلن اور بروکلین پارک میں ان کے اپنے گھروں پر کی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق شبہ ہے کہ حملہ آور خود کو پولیس افسر ظاہر کر رہا تھا۔ حکام حملے کے پیچھے محرکات کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ابھی ابھی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ خبروں کے مطابق حکام نے مشتبہ شخص کی شناخت 57 سالہ وینس بوئلٹر کے نام سے کی ہے۔ بوئلٹر کو تلاش کرنے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔
مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، "ہمیں نہ صرف مینیسوٹا بلکہ پورے ملک میں ہر قسم کے سیاسی تشدد کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں انہیں سزا ضرور ملے گی‘۔
اس حملے کے بعد حکام نے منیاپولس کے دو نواحی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے گھر کے اندر رہنے کی اپیل کی، کیونکہ وہ مشتبہ شخص کی تلاش کر رہے ہیں جو مبینہ طور پر پولیس کی وردی میں تھا۔
دریں اثنا، مینیسوٹا پولیس چیف نے بتایا کہ مشتبہ شخص کی گاڑی سے ایک ’منشور‘ برآمد ہوا ہے، جس میں متعدد قانون سازوں اور عوامی نمائندوں کے نام ممکنہ اہداف کے طور پر درج ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسیاں اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ آیا یہ اکیلا حملہ آور تھا یا کسی بڑی سازش کا حصہ۔ علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور آس پاس کے تمام عوامی نمائندوں کو اضافی سیکیورٹی دی جارہی ہے۔مقامی انتظامیہ، ایف بی آئی اور دیگر وفاقی ایجنسیاں اس معاملے میں مشترکہ تحقیقات کر رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔