ترکی نے نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے
ترکی کے وزیر انصاف اکین گرلیک کا کہنا ہے کہ حکومت نے انٹرپول کے ذریعہ نیتن یاہو اور ایک اور اسرائیلی اہلکار کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

ترکی نے غزہ جانے والے ایک فلوٹیلا یعنی جہازوں کے قافلے کو روکنے کے سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ترکی کے وزیر انصاف اکین گرلیک کا کہنا ہے کہ حکومت نے انٹرپول کے ذریعہ نیتن یاہو اور ایک اور اسرائیلی اہلکار کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
ترکی کا الزام ہے کہ اسرائیل نے مئی 2026 میں بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے ایک بین الاقوامی فلوٹیلا کو روکا۔ استنبول کی ایک عدالت اس معاملے میںاسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور کئی اسرائیلی حکام کے خلاف غیر حاضری میں مقدمہ چلا رہی ہے۔ ان الزامات میں نسل کشی، تشدد، انسانیت کے خلاف جرائم، غیر قانونی حراست اور جہازوں کو اغوا کرنے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ تاہم اسرائیل نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ نیتن یاہو نے ترک صدر رجب طیب ایردوان پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی سیاسی مقاصد کے لیے کی گئی ہے اور اس کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے۔
غور طلب ہے کہ اسرائیل اور ترکی کے درمیان طویل عرصے سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔ 2010 میں، اسرائیلی کمانڈوز نے غزہ جانے والے فلسطینی حامی فلوٹیلا پر حملہ کیا، جس میں دس ترک شہری مارے گئے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات شدید کشیدہ ہو گئے۔ حالیہ برسوں میں ترکی نے غزہ جنگ اور فلسطین کے مسئلے پر مسلسل اسرائیل پر تنقید کی ہے جب کہ اسرائیل نے مسلسل ان الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی محرک قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
