ٹرمپ حکومت نے امریکی ویزا اپوائنٹمنٹ پر لگائی روک، بڑی تعداد میں لوگ متاثر

جن لوگوں نے امریکی سفارت خانوں اور قونصلیٹ میں امیگرنٹ ویزا انٹرویو کے لیے اپوائنٹمنٹ لیا تھا، انہیں مطلع کیا گیا ہے کہ ان کے اپوائنٹمنٹ کا وقت تبدیل کیا جا رہا ہے اور نئی تاریخ بعد میں دی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>ویزا / علامتی تصویر</p></div>
i

امریکہ نے دنیا بھر کے درخواست دہندگان کے ویزا اپوائنٹمنٹ پر عارضی روک لگا دی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امیگریشن (ملک میں داخلہ) پر کی جا رہی سختی کے پیش نظر یہ بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے 25 اگست کو کہا کہ دنیا بھر میں تمام امریکی سفارت خانوں اور قونصلیٹ میں ایک عالمی تربیتی پروگرام شروع کیا گیا ہے اور اس تربیت کے لیے ویزا خدمات کے اپوائنٹمنٹ میں تبدیلی کی جائے گی۔ جن درخواست دہندگان کے اپوائنٹمنٹ میں تبدیلی کی گئی ہے، انہیں بعد میں نئی تاریخ دی جائے گی۔

اس قدم سے ظاہر ہو گیا ہے کہ امریکہ سے لوگوں کو نکالنے (ملک بدر کرنے) اور امیگریشن پر سختی برتنے کے لیے اب ٹرمپ انتظامیہ جارحانہ مہم چلا رہی ہے۔ اس میں ویزا، گرین کارڈ منسوخ کرنا اور کئی وجوہات کی بنیاد پر درخواستیں مسترد کرنا بھی شامل ہے۔ خاص طور پر سیاسی رائے اور امریکہ کے حلیف اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے خلاف فلسطین کی حمایت میں ہونے والے احتجاج بھی اس میں شامل ہیں۔


ٹرمپ انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سختی کا مقصد ملک کی سلامتی کو بہتر بنانا ہے۔ تاہم اسے قانونی رکاوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ جمعہ کو ایک امریکی جج نے ٹرمپ انتظامیہ کی اس پالیسی کو منسوخ کر دیا، جس کے تحت 75 ممالک کے درخواست دہندگان کے امیگرنٹ ویزا جاری کرنے پر روک لگا دی گئی تھی۔ جج نے کہا کہ یہ پالیسی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے قانونی دائرۂ اختیار سے باہر ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے تربیت اور اس کی مدت کے بارے میں کوئی خاص معلومات نہیں دیں، صرف اتنا کہا گیا ہے کہ اس تربیت کا مقصد قونصلر افسران کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ ایسے درخواست دہندگان کی شناخت کر سکیں جن کے امریکی سرکاری سہولیات پر انحصار کرنے کا امکان ہے اور یہ طے کیا جا سکے کہ ویزا درخواست دہندگان کا یکساں طریقے سے جائزہ لیا جائے۔ ’فائنانشیل ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق جن لوگوں نے امریکی سفارت خانوں اور قونصلیٹ میں امیگرنٹ ویزا انٹرویو کے لیے اپوائنٹمنٹ لیا تھا، انہیں ای میل موصول ہوئی ہیں کہ ان کے اپوائنٹمنٹ کا وقت تبدیل کیا جا رہا ہے اور انہیں نئی تاریخ کے بارے میں بعد میں اطلاع دی جائے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔