ٹرمپ حکومت نے کناڈا سے درآمد ہونے والے کئی سامانوں پر لگائی پابندی، کچھ مصنوعات پر لگے گا 50 فیصد ٹیرف!
ٹرمپ نے شراب کے علاوہ کچھ دیگر مصنوعات پر بھی پابندی لگائی ہے۔ ان میں گڑ، مٹھے کی مصنوعات اور غیر الکحل والی بیئر شامل ہیں۔

امریکہ اور کناڈا کے درمیان تجارتی جنگ تیز ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے منگل کی شام 5 نئے ایگزیکٹیو آرڈرس جاری کیے ہیں، جس نے تجارتی جنگ کو مزید ہوا دے دی ہے۔ نئے ایگزیکٹیو آرڈرس میں شراب سمیت کناڈا سے درآمد ہونے والی کچھ اشیا پر پابندی لگانے اور کناڈا کی کئی دیگر مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
یہ قدم اوٹاوا کی جانب سے امریکہ کی تقریباً 28 ارب ڈالر کی مصنوعات پر جوابی ٹیرف نافذ کرنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ کناڈا سے آنے والی کچھ اشیا پر امریکہ پابندی عائد کرے گا۔ ان میں بیشتر شراب، کچھ ڈیری مصنوعات اور موٹر سائیکلیں بھی شامل ہیں۔ سی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کچھ سامانوں پر پابندیوں کے علاوہ ٹرمپ انتظامیہ کناڈا کی کئی مصنوعات کو 50 فیصد ٹیرف والی فہرست میں شامل کر رہی ہے۔ ان میں گدے اور موٹر بوٹس بھی شامل ہیں۔ یہ نئی پابندیاں مہینے کے آخر تک نافذ ہو جائیں گی۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب آج سے ہی کناڈا نے امریکہ سے درآمد ہونے والی اربوں ڈالر کی مصنوعات پر ٹیرف نافذ کیا ہے۔
کناڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے ایک نئی ویڈیو میں کناڈا کے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے دوری اختیار کرنے کی کناڈا کو قیمت ادا کرنی ہوگی، لیکن اس کا دوسرا متبادل اس سے بھی کہیں زیادہ برا ہوگا۔ اس طرح ٹرمپ انتظامیہ کسی نہ کسی طرح کناڈا کے ساتھ تجارتی جنگ کو بڑھاتی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کناڈا میں شراب پر بڑے پیمانے پر 29 ستمبر سے پابندی نافذ ہونے والی ہے۔ ٹرمپ کے کناڈائی شراب پر پابندی کے حکم میں کہا گیا ہے کہ کناڈا کی بیئر، وائن، سائیڈر، وہسکی، ووڈکا اور دیگر اسپرٹس کو درآمد کرنے پر امریکہ میں پابندی لگا دی گئی ہے۔ ٹرمپ نے شراب کے علاوہ کچھ دیگر مصنوعات پر بھی پابندی لگائی ہے۔ ان میں گڑ، مٹھے کی مصنوعات اور غیر الکحل والی بیئر شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
