بینکاک: پب آتشزدگی واقعہ میں 29 ہلاکتوں پر وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس، 60 افراد کی حالت سنگین

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکل نے حادثہ کی جانکاری کے بعد پب کا دورہ کیا۔ انھوں نے اسپتال میں داخل زخمیوں سے بات چیت بھی کی اور متعلقہ افسران کو ان کے بہتر علاج کی ہدایت دی۔

<div class="paragraphs"><p>بینکاک کے پب میں آتشزدگی کا منظر، ویڈیو گریب</p></div>
i

تھائی لینڈ کی راجدھانی بینکاک میں 13 جولائی کی علی الصبح خوفناک آگ لگنے سے علاقہ میں افرا تفری مچ گئی۔ یہ آگ ایک پب میں لگی، جس کی وجہ سے کم از کم 29 افراد جاں بحق ہو گئے اور 60 لوگوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ زخمیوں کو بغرضِ علاج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ آگ شہر کے شمالی حصے میں موجود ایک پب میں لگی، جو دھیرے دھیرے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ حادثہ کی جانکاری ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ریسکیو کا عمل بھی شروع ہو گیا۔

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکل نے حادثہ کی جانکاری ملنے کے فوراً بعد پب کا دورہ کیا ہے۔ انھوں نے بڑی تعداد میں ہوئی ہلاکتوں پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور اسپتال پہنچ کر زیر علاج زخمیوں سے بات چیت بھی کی۔ انھوں نے متعلقہ افسران کو ان کے بہتر علاج کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فائر بریگیڈ اہلکاروں کو پب کے پچھلے حصہ میں موجود ریسٹ روم سے کئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بچاؤ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ لوگ آگ سے بچنے کے لیے ریسٹ روم کی طرف پہنچے تھے، لیکن راستہ نہ ملنے کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔


حادثہ کے وقت پب میں موجود ایک موسیقار نے وزیر اعظم کو بتایا کہ اس نے اسٹیج کے پاس لگے ایک سرکٹ بریکر سے اچانک دھواں نکلتا دیکھا تھا۔ اس کے فوراً بعد پب کی پوری بجلی گل ہو گئی اور وہاں ایک زوردار دھماکہ سنائی دیا۔ دھماکہ کے ساتھ ہی پب کے اندر تیزی سے گہرا سیاہ دھواں بھر گیا، جس سے لوگوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فائر بریگیڈ کو آگ پر پوری طرح قابو پانے میں تقریباً نصف گھنٹے کا وقت لگا۔ حادثہ کے بعد سامنے آئی تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پب کا پورا اندرونی حصہ تباہ ہو چکا ہے اور وہاں صرف جلی ہوئی میز اور کرسیاں نظر آ رہی ہیں۔

فائر بریگیڈ اہلکاروں نے بتایا کہ نصف شب کو پب میں آگ لگنے کی خبر ملی تھی۔ موقع پر پہنچی ایمرجنسی ٹیم کے اہلکاروں کے ذریعہ آن لائن شیئر کیے گئے فوٹیج میں پب کے سامنے واقع دروازے سے آگ کی لپٹیں اور دھواں نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ ویڈیوز میں آسمان میں خوفناک سیاہ دھواں دیکھ کر وہاں سے لوگ بھاگنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔


بینکاک میٹروپولیٹن ایڈمنسٹریشن کے ایک افسر سُریاچائی نے بتایا کہ اس حادثہ میں زخمی ہوئے دیگر 63 لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بینکاک کے گورنر چڈچارٹ ستّی پُنٹ نے کہا کہ زخمی اور اسپتال میں داخل لوگوں میں سے بیشتر کی حالت سنگین ہے۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ جب تک ریسکیو ٹیم حادثے والی جگہ پہنچی، تب تک آگ پورے علاقہ میں پھیل چکی تھی۔ شمالی بینکاک کے چتوچک میں موجود یہ پب (رانگ بیئر نا لات فراو) ایک مقبول ریسٹورینٹ اور تفریح کی جگہ ہے۔ اس حادثہ کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔