امریکہ اور روس کے ساتھ مذاکرات ’تعمیری اور کافی اہم‘ رہے: زیلنسکی
زیلنسکی نے کہا کہ ’بات چیت انسانی ہمدردی کے مسائل پر مرکوز تھی، جن میں قیدیوں کی رہائی اور یوکرین کے لیے سلامتی کی ضمانتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔‘

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں یوکرین، امریکہ اور روس کے درمیان دو روزہ سہ فریقی مذاکرات کا پہلا دن ’تعمیری اور کافی بامعنی‘ رہا۔ منگل (10 نومبر) کو یوکرین کی مذاکراتی ٹیم سے بات چیت کے بعد زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ’’بات چیت انسانی ہمدردی کے مسائل پر مرکوز تھی، جن میں قیدیوں کی رہائی اور یوکرین کے لیے سلامتی کی ضمانتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔‘‘
خبر رساں ایجنسی ’سنہوا‘ کی رپورٹ کے مطابق زیلنسکی نے بتایا کہ انہوں نے یوکرین کی مذاکراتی ٹیم کو بدھ کو ہونے والی اگلی بات چیت کے لیے واضح ہدایات دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آنے والے دنوں میں امریکی صدر کے نمائندوں اور یورپی نمائندوں کے ساتھ ہونے والی وسیع تر ملاقاتوں کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس سے قبل منگل کو روس، امریکہ اور یوکرین کے وفود نے متحدہ عرب امارات کی راجدھانی ابوظہبی میں ملاقات کی۔ فروری کے بعد یہ ان کے درمیان پہلی سہ فریقی بات چیت تھی۔ سہ فریقی مذاکرات سے قبل یوکرینی ٹیم نے برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے نمائندوں کے علاوہ نیٹو اور یورپی کمیشن کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔ اس اجلاس میں امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی رہنما لیونیڈ پاسچنک نے منگل کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لوہانسک علاقے میں یوکرینی حملوں میں 5 عام شہری ہلاک ہو گئے، جن میں بس میں سوار ایک مسافر بھی شامل ہے۔ پاسچنک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹیلی گرام‘ پر کہا کہ ’’یہ ہمارے جمہوریہ کے لیے ایک مشکل دن رہا ہے۔ 5 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔‘‘ روسی وزارت خارجہ کے سفیر برائے خصوصی امور روڈیون میروشنک نے اسی روز صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران یوکرینی حملوں میں زاپوریزیا جوہری توانائی پلانٹ کے 3 ملازمین ہلاک ہو چکے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
